عوامی رکشہ یونین اور پاسبان نے کیمپس سے جوہر ٹاؤن تک ریلی نکالی

عوامی رکشہ یونین اور پاسبان نے کیمپس سے جوہر ٹاؤن تک ریلی نکالی

  

لاہور (کامرس رپورٹر)عوامی رکشہ یونین اور عوامی پاسبان کے کارکنوں نے نیو کیمپس پل تا جوہر ٹاؤن تک جشن آزادی کے حوالے سے ریلی نکالی جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت عوامی رکشہ یونین پاکستان اورعوامی پاسبان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کی۔ ریلی کے شرکاء پاک وطن کے حق میں نعرے لگاتے اور اس کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم کرتے رہے۔ ریلی جوہر ٹاؤن مرکزی دفتر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جہاں مجید غوری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ی بہت بڑی نعمت ہے ۔ہمار ے ملک کی آزادی کیلئے ہمارے آباؤاجداد نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں۔ اب اس ملک کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے جسے ہم نے بھرپور طریقے سے نبھانا ہے۔ہمارا ملک اس وقت اندرونی اور بیرونی خطروں سے دوچار ہے۔ان دشمنوں کا مقابلہ ہم سب نے مل کر کرناہے۔

مجید غوری کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کو پانی کی کمی کا سامنا ہے ہمارادشمن ملک بھارت ہمارے دریاؤں پر ڈیم بنا تا رہا لیکن سابق حکمران کوئی خاطر خواہ آواز بھی بلند نہ کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے نا صرف ڈیم بنانے کا اعلان کیا بلکہ عملی قدم اٹھاتے ہوئے فنڈ بھی قائم کر دیا ہے مجید غوری نے کہا کہ میں بھی ڈیم فنڈ میں بھر پور حصہ ڈالوں گا سب ساتھیوں سے بھی ڈیم فنڈ میں اپنی حیصیت کے مطابق حصہ ڈالنے کی اپیل کرتاہوں۔ پروگرام کے اختتام پر حافظ ذیشان اکمل نے اہل وطن اور ملکی سلامتی کی دعا کروائی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -