جرگہ میں فائرنگ ، جشن آزادی ریلی پر گرنیڈ حملہ ،8افراد جاں بحق ، خاتون سمیت درجنوں زخمی

جرگہ میں فائرنگ ، جشن آزادی ریلی پر گرنیڈ حملہ ،8افراد جاں بحق ، خاتون سمیت ...

  

 شبقدر/نوشکی/کراچی/راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن،صباح نیوز) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں جرگے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے،راچی میں جشن آزادی کے موقع پر فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے،راولپنڈی میں جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ لڑکی سمیت8 افرادزخمی ہوگئے، نوشکی میں جشن آزادی ریلی پرہینڈ گرنیڈ دھماکہ میں 11افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں جرگے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ بٹگرام کے علاقے اشارہ میں جرگے کے دوران پیش آیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 5 افراد میں ایک جرگہ ممبر کا بیٹا بھی شامل ہے۔دوسری جانب واقعے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کو طبی امداد کیلئے پشاور منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق جرگہ ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے بچے کے معاملے پر تصفیہ کیلئے ہوا تھا۔کراچی میں بھی منگل اور بدھ کی درمیانی شب شہرکے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے ، نارتھ ناظم آباد فائیو سٹار چورنگی پر آتش بازی کے دوران سر پر پٹاخہ لگنے سے نوجوان عامر جاں بحق ہوگیا جبکہ لیاری، ناظم آباد نمبر 2 انڈر بائی پاس، پاپوش نگر، لانڈھی، کورنگی، لیاقت آباد، نیو کراچی، انچولی، گلشن حدید اور دیگر علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں جشن آزادی کی خوشی میں کی جانیوالی ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ پندرہ سالہ لڑکی سمیت سات نوجوان زخمی ہوگئے۔ دریا آباد گوالمنڈی میں والدہ کے ساتھ چھت پر کھڑا آتشبازی کے مناظر دیکھنے والا دانش سینے پر اندھی گولی لگنے سے زخمی ہوکر ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ سترہ سالہ دانش فرسٹ ایئر کا طالبعلم تھا۔ دیگر زخمیوں میں18سالہ غوث، 16سالہ حماد،15سالہ ارینہ بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو مریڑ اور چوہر چوک سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے ہسپتال پہنچایا گیا۔ دوسری جانب نوشکی میں مسجد روڈ پر جشن آزادی ریلی گزررہی تھی کہ نامعلوم افراد نے وہاں پر گرنیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں 11افراد زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ شواہد بھی اکٹھے کئے۔

فائرنگ/گرنیڈحملہ

لاہور(کرائم رپورٹر،خبرنگار)لاہورمیں یوم آزادی کے موقع پر منچلے نوجوانوں نے پولیس کی پابندیوں کو ہوا میں اڑا دیا، ہوائی فائرنگ،آتش بازی،ون ویلنگ اور ہلڑ بازی جاری رہی، سوڈیوال کے رہائشی محنت کش محمد عمران کی 7 سالہ بیٹی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بننے کے باعث ہلاک ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر ٹریفک پولیس کا تشکیل کردہ ٹریفک پلان منچلے نوجوانوں کی وجہ سے پوری طرح ناکام ہو گیا ،منچلے نوجوان سڑکوں پر ون ویلنگ کرتے رہے جبکہ بعض علاقوں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات رونما ہوئے ۔

اندھی گولی

مزید :

صفحہ اول -