ذمہ دار معاشرہ کی تشکیل کیلئے قائداعظم کے منشور پر عمل ناگریز

ذمہ دار معاشرہ کی تشکیل کیلئے قائداعظم کے منشور پر عمل ناگریز

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد یاور علی نے کہا ہے ذمہ دار معاشرہ کی تشکیل کیلئے قائد اعظمؒ کے دیئے گئے منشور پرعمل کرنا ضروری ہے ،سوچنا ہے ہم نے اس وطن کو کیا دیا اور کیا دے سکتے ہیں۔وہ پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب میں اظہار خیال کررہے تھے ۔انکامزید کہنا تھاقائداعظم محمد علی جناح ؒ ایک عظیم انسان تھے، ان کا دیا گیا منشور ایما ن، اتحاد اور تنظیم محض الفاظ نہیں بلکہ ایک ذمہ دار شہری بننے کا نسخہ ہے۔ ہمارے درمیان اتحاد، بھائی چارا اور پیار ہونا چاہیے ،ہمیں قائداعظمؒ کے وژن کی تکمیل کیلئے کوئی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا، ہمیں یہ نہیں سوچنا ملک نے ہمیں کیا دیا ہے بلکہ یہ سوچنا ہے ہم نے اس وطن کو کیا دیا اور کیا دے سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے حاضرین کو پاکستان کی سالگرہ کی مبارکباد بھی پیش کی، تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و تر قی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے ججوں، افسروں اورملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پرچم کشائی کے موقع پر سینئر ترین جج مسٹر جسٹس محمد انوارالحق اور دیگر فاضل جج صاحبان بھی چیف جسٹس کے ہمراہ تھے ، چیف جسٹس نے پولیس کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے دیئے گئے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

جسٹس ایم یاورعلی

لاہور(نامہ نگار)یوم آزادی کا جشن ملک بھر کی طرح لاہور کی ضلعی عدلیہ نے بھی پرچم کشائی اور کیک کاٹ کر منایا،قائم مقام سیشن جج لا ہو ر رفاقت علی گوندل نے پرچم کشائی کی اور پاکستان کی 71 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سیشن جج لاہور کو گارڈ آف آنر پیش کیا،اسی حوالے سے ضلع کچہری میں لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس قائم مقام سیشن جج لاہور رفاقت علی گوندل ،لاہور بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر فواد رامے، جنرل سیکرٹری لاہور بارسہیل مرشد فرازلون ،نائب صدر کینٹ کچہری عزیز اے بھٹی سمیت وکلا ء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پر قائم مقام سیشن جج رفاقت علی گوندل نے خطاب میں کہا ملک دشمن عناصر اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے،سب کو مل کر ملک کی حفاظت کرنی ہے اورہر انسان کو اپنا کام ایمانداری سے کرنا چاہیے۔انہوں نے ملک دشمن عناصر کو پیغام دیا کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہونا بھول جائیں، سب کو مل کرملک کی حفاظت کرنی ہے ، تقریب میں لاہور بار کی قیادت نے شرکت کی اور کہا زندہ قومیں ہمیشہ اپنے قومی تہوار کو جوش جذبے سے مناتی ہیں،چھوٹے بچوں نے بھی پاکستانی پرچم والی ٹوپیاں پہن کر شرکت کی جبکہ خواتین وکلا ء بھی کثیر تعداد میں موجود تھیں۔تقریب میں ایڈیشنل سیشن جج اظہر اقبال رانجھا، ایڈیشنل سیشن جج نقیب شہزاد، ایڈیشنل سیشن جج فیاض احمد بٹر،فرقان احمد اور شبنم بانو کے علاوہ عدالتی عملے اورججوں کے بچوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے پرچم لہرا کر اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی ترقی میں وہ پیش پیش رہیں گے۔

ضلع کچہری تقریب

مزید :

صفحہ آخر -