جمہوریت کا تسلسل ہی ملک میں نئے ترقیاتی عمل کاضامن ،چیئرمین سینٹ

جمہوریت کا تسلسل ہی ملک میں نئے ترقیاتی عمل کاضامن ،چیئرمین سینٹ

  

اسلام آباد(آن لائن)چیئرمن سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے ملک میں جمہوریت کے تسلسل سے نئے ترقیاتی عمل کا آغاز ہو گا۔ یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمیں خود احتسابی کے عمل کے تحت ما ضی کی غلطیوں اور کوتاہیوں کا ادراک کرنے سمیت ان عوامل کا جائزہ لینا ہو گا جن کی بدولت ہم دیگر قوموں کی نسبت پیچھے رہ گئے ہیں ۔ ہمیں مل کر فیصلہ کرنا ہوگا ہمارے آپس کے اختلافات قومی ترقی کے سفر میں جمود کا باعث نہ بنیں اور ہمیں سیاسی اختلاف رائے کو پس پشت ڈال کر انتشار اورافراتفری پر قابو پانے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے چاہیں ، جمہوریت کے فروغ کیساتھ ساتھ جمہوری اداروں کے استحکا م کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنی ساری توانائیاں پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی پر مرکوز کرنا ہونگی ، پوری قوم جانتی ہے گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان پر علاقائی اور عالمی حالات کے بڑے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں نہ صر ف امن وامان کے مسائل پیدا ہوئے بلکہ اقتصادی مسائل بھی دیکھنے میں آئے۔ حکومت نے وطن عزیز کو بد امنی ، دہشت گردی و انتہا پسندی سے پاک کرنے کیلئے بھرپور سیاسی عزم کیساتھ افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جس کے نتیجے میں امن بحال ہو رہا ہے۔ دہشت گردی کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کیلئے ہم سب پر عزم ہیں۔مسلح افواج ، سول و آرمڈ فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی دہشت گردی کیخلاف قربانیاں اور کوششیں قابل تحسین ہیں۔ اللہ کے فضل سے ملک اقتصادی ترقی کی ایسی راہ پر گا مز ن ہوگا جو ترقی وخوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا جس کے ثمرات پوری قوم کو میسر ہونگے۔

صادق سنجرانی

مزید :

صفحہ آخر -