پی ٹی آئی اپنے منشور پر عملدرآمد کیلئے متحرک، کرپشن سے پاک افسروں کی فہرستیں طلب ، مگر مچھوں کو کھڈے لائن لگانے کا فیصلہ

پی ٹی آئی اپنے منشور پر عملدرآمد کیلئے متحرک، کرپشن سے پاک افسروں کی فہرستیں ...

  

ملتان (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے پارٹی منشور پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کرپشن سے پاک افسروں کی مختلف اداروں میں تعیناتی کیلئے اعلیٰ سطحی مشاورت شروع کردی۔ درپردہ دیانتدار اور بہتر کارکردگی کے حامل افسران کی لسٹیں بھی طلب کی جارہی ہیں۔ اسی طرح سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے قربت رکھنے والے پولیس افسروں سمیت مختلف اداروں میں تعینات افسران کو کھڈے لائن لگانے جیسے اقدامات آئندہ دس سے پندرہ روز میں متوقع ہیں۔ ان افسران میں پولیس کے پانچ پیاروں سمیت وہ بھی شامل ہیں جو سابق وزیراعلیٰ کے براہ راست احکامات پر من و عن عمل کر گزرتے رہے ہیں۔ قبل ازیں تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے پنجاب بالخصوص جنوبی پنجاب کے تھانوں میں پولیس کے بلاجواز تشدد کے خلاف واضح موقف سامنے آچکا ہے۔ تحریک انصاف نے اپنے منشور سے مطابقت رکھنے والے افسران کی تعیناتی ہرممکن یقینی بنانے کیلئے اقدامات اور مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اچھی شہرت کے حامل افسران کی تلاش کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے جو دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے عوام کو درپیش مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔ اسی طرح تھانوں میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سفارشوں پر تعینات افسران کی بھی جلد چھٹی ہونیوالی ہے۔ سابق دور میں حکومت میں سیاسی نمائندوں کی فرمائش پر تھانوں میں افسران کی تعیناتی ہوتی رہی ہے لیکن اب یوں لگ رہا ہے کہ یہ اندھیر نگری کا باب اب بند ہونے جارہا ہے۔ جنوبی پنجاب میں اس وقت تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی پارٹی کے نائب ہونے کے ساتھ نمایاں حیثیت سے ابھر کر سامنے آئے ہیں اور یہ بھی اطلاعات ہیں کہ وہ مستقبل میں پنجاب کے وزیراعلیٰ ہوسکتے ہیں۔ ان کی بھی ترجیح ہوگی کہ پنجاب سمیت جنوبی پنجاب میں اچھی شہرت کے حامل افسران تعینات کئے جائیں۔ پنجاب میں احد چیمہ کی گرفتاری اور تحقیقات کے دوران کرپشن کی طویل داستانوں کے منظرعام آنے پر کرپٹ افسر شاہی کے ہاتھ پاؤں پھول چکے ہیں۔ اسی طرح ملتان میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں 95روڑ روپے کی خوردبرد میں ملوث ڈی سی ملتان نادر چٹھہ کی بیرون ملک روانگی اور ملتان میٹرو بس منصوبے پر سمگلڈ مشینری کا استعمال اور اس وقت کے ڈی سی او زاہد سلیم گوندل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر صابر سدوزئی کی پشت پناہی ایکسائز ڈائریکٹر ملتان جام سراج احمد کی جانب سے غیررجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف ایک کروڑ روپے کا نوٹس اور پھر سیکرٹری ایکسائز ڈاکٹر بلال احمد کی جانب سے ڈائریکٹر ایکسائز سمیت چودہ ملازمین کو معطل کرنے جیسے عمل نے کرپٹ افسران کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں جن کے خلاف جلد بڑے ایکشن کی توقع ہے۔

کرپشن سے پاک افسر

مزید :

کراچی صفحہ اول -