کوہاٹ میں یوم آزادی پر 3 ہزار درخت لگانے کا ہدف

کوہاٹ میں یوم آزادی پر 3 ہزار درخت لگانے کا ہدف

  

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ میں جشن آزادی کے موقع پر ڈی پی او سہیل خالد نے تین ہزاد درخت لگانے کا اعلان کردیا جبکہ یوم آزادی کی تقریب میں پولیس کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ملک بھر کی طرح کوہاٹ میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا ۔اس موقع پر تھانہ محمد ریاض شہید میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جسمیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد،ڈی ایس پی سٹی رضا محمد،ڈی ایس پی صدر روخان زیب،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان،اے ایس پی ناصر محمود،ڈی ایس پی لیگل اسحاق گل ، تمام تھانوں کے ایس ایچ اوزاور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے بھر پور شرکت کی۔اس دوران پرچم کشائی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا اور مزید تین ہزار درخت لگانے کا بھی اعلان کیا جبکہ پودے لگانے کے مطلوبہ ا ہداف کے حصول کی خاطر فارسٹ ڈویژن کی خدمات حاصل کرلی گئی ہے جو کہ مقامی پولیس کو پودوں کی یہ تعداد فراہم کرے گی۔ضلعی پولیس سربراہ نے تھانے میں نو تعمیر شدہ مسجد کی عمارت کا بھی افتتاح کیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا ئیں مانگی۔ جشن آزادی کی تقریب کے موقع پر پولیس کے روایتی بڑے کھانے کا اہتمام کیا گیا تھاجس میں ڈی پی او سہیل خالد اور پولیس جوانوں نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔ یوم آزادی کی صبح کا آغازپولیس لائنز،تھانوں اور چوکیوں میں ختم القرآن سے کیا گیا جبکہ تھانہ محمد ریاض شہید میں منعقدہ تقریب میں بھی پولیس شہداء کی ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -