18اگست کو وزیراعظم کے حلف کی تاریخ ،وہ ماہر علم نجوم جس نے عمران خان کے وزیراعظم بننے کی پیشگوئی کی تھی ،نے ایسی بات بتادی کہ سن کر کئی لوگوں کے پیروں تلے زمین کھسکنے لگے گی
نیویارک(نعمان تسلیم خان)معروف ماہر نجوم اورعلم الاعداد آغا بہشتی نے کہا ہے کہ 18اگست کی تاریخ عمران خان کے لئے انتہائی مبارک ہے اور اس تاریخ کو بطور وزیراعظم حلف اٹھانا عمران اور پاکستان کے لئے خوش بختی لائے گی۔
روزنامہ پاکستان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو ستارہ نویس کہہ رہے ہیں کہ اگست کے مہینے میں حلف اٹھانے کی صورت میں کپتان مشکلات کا شکار ہوجائیں گے وہ غلط ثابت ہوں گے۔”ماضی میں بھی ان ماہرین نجوم کی کئی پیشگوئیاں غلط ثابت ہوچکی ہیں اور اس کی ویڈیو ریکارڈنگز انٹرنیٹ پر دیکھی جاسکتی ہیں۔“ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں انہوں نے کئی پیشگوئیاں کی ہیں جو کہ حرف بحرف صحیح ثابت ہوئیں ،اسی طرح اللہ نے چاہا تو یہ پیشگوئی بھی درست ہوگی۔”الیکشن 25جولائی کوہوئے تھے اور علم الاعداد کی روشنی میں 25کا مجموعہ 7بنتا ہے ، جو کہ ایک طاق عدد ہے اور اس وقت طاق اعداد خان صاحب کے لئے انتہائی مبارک ہیں۔اس حساب سے دیکھا جائے تو18کا مجموعہ 9بنتا ہے اور یہ بھی ایک طاق عدد ہے اور یہ تاریخ کپتان کے لئے خوشیاں لائے گا اور پاکستان کا انتہائی مبارک دور شروع ہوگا۔“ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کے ساتھ مل کر انہوں نے زور دیا کہ حلف کی تاریخ 16یا18اگست رکھی جائے۔”اگرحلف کی تاریخ16ہوتی تو بھی یہ ایک انتہائی اچھی تاریخ ہوتی تاہم 18تاریخ بھی پاکستان اور کپتان کے لئے خوش بختی لائے گی۔“