جب سپیکر کا انتخاب ہو جائے گا تو وزیراعلی کا بھی اعلان ہو جائے گا: نامزد سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ق کے رہنمااور نامزد سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ جب سپیکر کا انتخاب ہو جائے گا تو وزیراعلی کا بھی اعلان ہو جائے گا اور سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے انشااللہ ہمارے امیدوار کامیاب ہوں گے ۔
پنجاب اسمبلی آمدکے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنمااور نامزد سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ ہم اسمبلی میں 13،14سال بعد آرہے ہیں ہماری کوشش ہو گی کہ ہم بہتری کی جانب چلیں،آج تو اسمبلی کا پہلا دن ہے بہت باتیں ہوں گی،اگر ہم دباﺅ لیں گے نہیں تو ہو گا بھی نہیں۔ایک سوال کے جواب میں چودھری پرویزالہیٰ کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج کی یہ کالی نیلی پٹیاں چلتی رہتی ہیں، اسمبلی اس طرح چلے گی کہ آپ بھول جائیں گے اسمبلی کا ماحول کبھی خراب ہوتا تھا میں پہلے بھی وزیربلدیات ،وزیراعلی اور سپیکر کے طور پر ذمہ داریاں ادا کر چکا ہوں۔ان کا مزیدکہنا تھاکہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے انشااللہ ہمارے امیدوار کامیاب ہوں گے اور جب سپیکر کا انتخاب ہو جائے گا تو وزیراعلی کا بھی اعلان ہو جائے گا۔