متحدہ عرب امارات میں پاکستان سفارت خانہ اور قونصل خانہ میں یومِ آزادی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد، دبئی اور ابو ظہبی میں پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

متحدہ عرب امارات میں پاکستان سفارت خانہ اور قونصل خانہ میں یومِ آزادی کے ...
متحدہ عرب امارات میں پاکستان سفارت خانہ اور قونصل خانہ میں یومِ آزادی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد، دبئی اور ابو ظہبی میں پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں یومِ آزادی قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستانی سفارت خانہ ابو ظہبی اور پاکستانی قونصل خانہ دبئی میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ جن میں تارکین وطن پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاکستان کے سفیر معظم احمد خان نے پاکستانی سفارت خانہ ابو ظہبی میں قومی پرچم لہرایا اور اس موقع پر یومِ آزادی کے حوالے سے صدرپاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ اپنے خطاب میں سفیر پاکستان نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانیوں کو مبارکباد دی اور اپنے آباو اجداد کی ان عظیم قربانیوں کا تفصیل سے ذکر کیا جو انہوں نے ایک علیحدہ وطن حاصل کرنے کے لئے دیں۔ انہوں نے ان مثالی راہنما اصولوں کی بھی بات کی جن پر عمل پیرا ہو کر پاکستانی قوم نے ترقی اور خوش حالی کا ایک طویل سفر طے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن یوم آزادی اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے جو ملک میں سیاسی ، معاشی اور سماجی استحکام کا باعث بنے گی۔ک انہوں نے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر اقوام عالم میں پاکستان کی ترقی دے کر مزید مضبوط ملک کے طور پر کھڑا کرنا ہوا۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے اور دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی طور پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا پاکستانی قیادت اور پاکستانی قوم کے ساتھ خصوصی وابستگی کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت باہمی تعلقات مزید مضبوط کرنے کی خواہاں ہے۔ اس موقع پر پاکستانی سکولوں کے بچوں اور اقلیتی برادری کے اراکین نے جوش و جزبے کے ساتھ قومی نغمے بھی پیش کیے۔

پرچم کشائی کے حوالے سے دوسرے تقریب پاکستان قونصل خانہ دبئی میں منعقد ہوئی جس میں قونصل جنرل پاکستان بریگیڈئیر ریٹائرڈ سید جاوید حسن نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کی بصری قیادت میں آزادی کے حصول کے حوالے سے کی جانے والی عظیم کوششوں کا تفصیل کے ساتھ ذکر کیا۔ انہوں نے بانی قوم اور ان کے ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جن کی کوششوں اور قربانیوں کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں ایک آزاد مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے کہا کے پاکستان نے بے شمار مشکلات کے باوجود ایک طویل سفر طے کیا ہے اور بین الاقوامی امن قائم رکھنے میں اپنے حصے کا کام کیا ہے۔ پاکستان اقوام عالم کا ایک قابل فخر رکن ہے۔ قونصل جنرل نے ملکی معیشت کو مضبوط کرنے اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے حوالے سے پاکستان تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی ترقی کے لیے زیادہ محنت کے ساتھ کام کریں اور یہاں کے قوانین کی پاسداری کریں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قائم مثالی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے قونسل جنرل نے کہا کہ دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ پاکستانی قوم کیلئے غیر متنزل حمایت کرنے پر متحدہ عرب امارات حکومت کا شکریہ ادا کیا اوراس امید کا اظہا کیا کہ پاکستان میں آنے والی نئی حکومت کی قیادت اور متحدہ عرب امارات کی قیادت میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ یومِ آزادی کے حوالے سے منعقد ہونے والی دونوں تقریبات کے اختتام پر کیک کاٹے گئے اورملک کی ترقی ، فروخ اور یکجہتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ 

مزید :

عرب دنیا -