اسد قیصر کی حلف برداری کی تقریب کے دوران ن لیگی اراکین کی نعرہ بازی ، ہنگامہ آرائی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر آئندہ پانچ سالوں کیلئے قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہو گئے ہیں اور ان کی حلف برداری کی دوران ن لیگ کے اراکین اسمبلی کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ایاز صادق نو منتخب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے حلف لے رہے تھے کہ اس دوران ن لیگی اراکین کی جانب سے شدید نعرے بازی شروع کر دی گئی ، ن لیگی رکن اسمبلی کی نے ” ووٹ کو عزت دو “ اور چوری کا مینڈیٹ نامنظور نامنظور “ کے نعرے لگائے جبکہ اسد قیصر نے نشست سنبھالتے ہی ایوان کی کارروائی 15 منٹ کیلئے موخر کر دی جس کے بعد ن لیگی اراکین اسمبلی عمران خان کی نشست کے سامنے کھڑے ہو گئے اور نعرے لگانے شروع کر دیئے ۔ یہ ماحول دیکھتے ہوئے شاہ محمود قریشی کھڑے ہوئے اور ن لیگی اراکین کو دو ر ہٹنے کیلئے کہتے رہے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین کی جانب سے اسمبلی میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر احتجاج نہیں کیا گیا اور تمام افراد اپنی نشستوں پر خاموشی سے بیٹھے رہے جبکہ کچھ دیر بعد ایم کیوایم کے رکن اسمبلی اپنی سیٹوں سے اٹھ کر ن لیگ کے ساتھ احتجاج کرنے لگے۔