جنت کیااور جہنم کیاہے ؟ مرتضیٰ جاوید عباسی کو مقبوضہ کشمیر بھیج دیا جائے :مجیب الرحمان شامی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)کہنہ مشق صحافی ، معروف دانشور اور سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے قومی اسمبلی میں مرتضیٰ جاوید عباسی کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ مرتضیٰ جاوید عباسی کو مقبوضہ کشمیر بھیج دیا جائے تاکہ ان کو پتہ چل سکے کہ جنت کیا ہے اور جہنم کیاہے؟
دنیا نیوزکے پروگرام ’’نقطہ نظر ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ مرتضیٰ جاوید عباسی کو مقبوضہ کشمیر بھیج دیں تاکہ ان کو پتہ چلے کے جنت کیا ہے اور جہنم کیاہے؟ ان کا مقبو ضہ کشمیر کی صورتحال سے پاکستان کا تقابل کرنا گناہ کبیرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا شخص قومی اسمبلی میں بیٹھنے کے قابل نہیں ہے ، سپیکر کو ان کے الفاظ کارروائی سے حذف کرنے چاہئے تھے ۔ان کی بات سن کر میرے تن بدن سے میں آگ لگ گئی ہے ۔ میں کسی صورت برداشت نہیں کر سکتا کہ کوئی میرے ملک کی ایسی توہین کرے جیسی اس شخص نے کی ہے ۔ یہ حد سے بڑی ہوئی گستاخی ہے اوریہ مادر وطن کی شان میں گستاخی ہے اور مرتضیٰ جاوید عباسی کو اس پر معذرت کرنی چاہئے ۔واضح رہے کہ مرتضی جاوید عباسی نے نوازشریف کو بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت میں پیش کئے جانے پر اسمبلی کے فلور پر تقریر کے دوران ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جس طر ح نوازشریف کو پیش کیاجارہاہے اس طرح تو مقبوضہ کشمیر میں بھی نہیں ہوتا ۔
\