شادی کے دن یہ دلہن سیلاب کے پانی میں پھنس گئی، پھر کیا ہوا؟ دیکھ کر آپ کو بھی ہنسی آجائے

شادی کے دن یہ دلہن سیلاب کے پانی میں پھنس گئی، پھر کیا ہوا؟ دیکھ کر آپ کو بھی ...
شادی کے دن یہ دلہن سیلاب کے پانی میں پھنس گئی، پھر کیا ہوا؟ دیکھ کر آپ کو بھی ہنسی آجائے

  

نیویارک(نیوز ڈیسک)اس دنیا میں ایک سے بڑھ کر ایک عجیب واقعہ پیش آتا ہے لیکن عروسی لباس میں ملبوس سجی سنوری دلہن بیچ سڑک سیلابی پانی میں گھری گاڑی کی چھت پر کھڑی چیخ چلا رہی ہو، ایسا منظر کس نے دیکھا ہو گا؟ گزشتہ روز یہ حیرت انگیز منظر امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر بگوٹا میں دیکھنے کو ملا جہاں اچانک نمودار ہونے والے سیلاب نے پل بھر میں گلیوں کو نہروں میں بدل دیا۔ بدقسمتی سے ایک دلہن بھی اس فلیش فلڈ کی زد میں آ گئی جو جان بچانے کے لئے ایک گاڑی کی چھت پر چڑھ گئی۔ خوش قسمتی سے اسے بگوٹا پولیس کے دو اہلکاروں نے بروقت دیکھ لیا اور طاقتور فوجی گاڑی ہموی کو استعمال کرتے ہوئے خطرے میں گھری دلہن کو ریسکیو کر لیا۔

بگوٹا پولیس کے مطابق سبرینا نامی یہ دلہن اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں پھنس گئی تھی اور جان بچانے کے لئے اپنی گاڑی کی چھت پر چلی گئی تھی۔ اس سے پہلے کہ سیلاب کا طاقتور ریلا اسے گاڑی سمیت بہا لیجاتا، بہادر پولیس اہلکاروں نے خود کو خطرے میں ڈال کر اسے بچالیا۔ پولیس اہلکار مائیکل لفریرا اور جیفری پول ہموی گاڑی کو ریورس کرکے سبرینا کی گاڑی کے قریب لے کر گئے اور پھر سن روف کے ذریعے اسے اپنی گاڑی میں منتقل کیا۔

پولیس چیف ڈینیل مے نے اپنے اہلکاروں کی فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ ان اہلکاروں نے اپنا فرض بطور احسن سرانجام دیا۔ یہ بھی خوشی کی بات ہے کہ اس ریسکیو آپریشن میں تمام افراد محفوظ و سلامت رہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ سبرینا کی شادی بخوشی اور بروقت ہو۔ ہم انہیں شادی کی پیشگی مبارکباد بھی دیتے ہیں۔ میں بگوٹا کے میئر اور کونسل کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے پولیس کو بہترین آلات اور گاڑیاں مہیا کی ہیں۔ یہ ایک طاقتور ملٹری سٹینڈرڈ گاڑی تھی جو فلیش فلڈنگ میں ریسکیو کے کام آ سکی۔“

مزید :

ڈیلی بائیٹس -