آئندہ عالمی کپ کو ہدف بنا کر بے وقوف نہ بنایا جائے،محسن خان

آئندہ عالمی کپ کو ہدف بنا کر بے وقوف نہ بنایا جائے،محسن خان

  

کراچی(یواین پی)سابق چیف سلیکٹر محسن خان نے واضح کیا ہے کہ آئندہ عالمی کپ کو ہدف بنا کر عوام کو بیوقوف نہ بنایا جائے کیونکہ قومی ٹیم کو میگا ایونٹ کی نہیں بلکہ اگلی سیریز کی تیاری کرنا ہے۔ماضی میں پی سی بی کیلئے کئی عہدوں پر فرائض کی انجام دہی کرنے والے سابق اوپننگ بیٹسمین محسن خان کا موقف ہے کہ ٹیم انتظامیہ میں شامل افراد کو چار،چار سال کے معاہدے دینا مناسب نہیں لہٰذا ہر سال کی کارکردگی کو بنیاد بنا کر کوچ اور دیگر سپورٹ اسٹاف کو نیا معاہدہ دیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کوچنگ کے حوالے سے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن نہ جانے کیوں پی سی بی کی نگاہیں ملک سے باہر مرکوز رہتی ہیں۔محسن خان نے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ماضی میں بھی انہیں پی سی بی میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی لیکن بدعنوان افراد کی وجہ سے انہوں نے تمام آفرز کو ٹھکرا دیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج جو لوگ خود کو لیجنڈری کرکٹرز کہلواتے ہیں انہوں نے پچھلے ادوار میں ملک کی عزت اور وقار کو نقصان پہنچایا لہٰذا وہ ان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے تھے البتہ اگر انہیں اب کوئی موقع دیا گیا تو وہ ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے۔

کیونکہ بحیثیت پاکستانی ان پر لازم ہے کہ پاکستان کرکٹ کو کوئی ٹھیس نہ پہنچے۔سابق اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ وہ فی الوقت پی سی بی کے ملازم نہیں لیکن ان کا اصول ہے کہ کرپٹ لوگوں کے ساتھ کام نہ کیا جائے اور اسی وجہ سے انہوں نے ماضی میں پی سی بی کی جانب سے ملازمت کی پیشکش کئی بار قبول نہیں کی تھی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -