مہمند، بجلی کی طویل ترین لوڈ شیدنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، روڈبلاک کردی
مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، ملاگوری اتمان خیل قوم نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شبقدر ٹو تنگی روڈاحتجاجاً بلاک کیا۔ ایکسین تنگی نے قصداً بجلی لائن کاٹ دی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں سے بجلی معطل ہے۔ ایکسین کی تبدیلی تک احتجاج جاری رہیگا۔ تفصیلات کے مطابق ملاگوری قوم نے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف شبقدر ٹو تنگی روڈ کو احتجاجاً چار گھنٹوں تک بند رکھا۔ جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ مظاہرین ملک شہنشاہ، قاری محمد اقبال، رحیم شاہ و دیگر نے کہا کہ ایکسین تنگی ہمارے ساتھ ذاتیات پر اُتر آیا ہے۔ ہمارے لائن پر گزشتہ 24 گھنٹوں سے بجلی بند رکھا ہے۔ حالانکہ ہم نے مہمند ڈیم کیلئے 8 سو کنال زمین بھی دی ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے نثار مہمند، اے سی لوئر مہمند اور پولیس حکام نے مظاہرین کے ساتھ طویل مزاکرات کئے اور مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کی بجلی جلد بحال کی جائیگی۔ جس پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔