بھارت نے کشمیری مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے،مولانا مخلص
ٹوپی (نامہ نگار) جے یو ائی (ن) اور اہل سنت الجماعت کے زیر اہتمام یو م آزادی اور انڈیا کے کشمیریوں پر جار حیت اور بربریت کے خلاف مشترکہ ریلی اور جلسہ، ریلی اور جلسہ کی قیادت مولانا خلیل احمد مخلص، حاجی نجیم خان ایڈوکیٹ، قاری فضل منان، مفتی ریاض گل، طاہر تسلیم خان اور دیگر کر رہے تھے۔ ریلی صفدر چوک سے روانہ ہو کر جنرل بس اسٹینڈ سے ہو تے ہوئے پرانا میلہ لار اور بائی کو نکل آئے ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں مختلف قسم کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ ریلی میں جے یوائی (ن) اہل سنت والجماعت اور پاکستانی جھنڈوں کی بر مار تھی۔ شرکاء ریلی راستہ بھر پاکستان زندہ باد، انڈیا مردہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی نے واپسی پر صفدر چوک میں ایک بڑے جلسے کی صورت اختیار کی جسکی صدارت جے یو ائی (ن) کی ضلعی صدر مفتی ریاض گل نے کی۔ جبکہ نظامت کے فرائض جے ٹی ائی (ن) کے صوبائی سیکرٹری لطیف عباس نے انجام دیے۔ جلسہ سے جے یو ائی (ن) کے مرکزی امیر اور سابقہ ایم این اے مولانا خلیل احمد مخلص نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ملک میں جشن آزادی کی خوشیاں منائی جارہی ہے تو دوسری طرف ہندوستان نے کشمیری مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے او ائی سی سے اپیل کی کہ کشمیر کے حوالہ سے ایک مضبوط موقف اختیار کریں اور پاکستانی حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سر جوڑ کر تمام سیاسی جماعتوں کی اے پی سی طلب کریں اور کشمیر کے حوالہ سے ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کریں۔ جلسہ سے حاجی نجیم خان ایڈوکیٹ، قاری فضل منان، حاجی یار محمد، اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔