مسئلہ کشمیر کشمیر یوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، شہرام ترکئی

مسئلہ کشمیر کشمیر یوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، شہرام ترکئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہے اور عالمی طاقتوں کو مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے جبکہ نہتے کشمیری بھارت کا ہر ظلم سہہ رہے ہیں لیکن بھارتی تسلط کو کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ان خیالات کا اظہار صوابی میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایم این اے عثمان خان ترکئی، تحریک انصاف کے صوبائی صدر انور حقدار، پارٹی کارکنان اور سبز ہلالی پرچم تھامے اور سبز و سفید کپڑوں ملبوس بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اسی لیے آج 14 اگست، یوم آزادی بطور یوم یکجہتی کشمیرکے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیروں پر جو مظالم ڈھا رہا ہے وہ فوری طور بند ہونے چاہیے۔ دریں اثناء یوم آزادی کی منعقدہ تقریب میں وزیر بلدیات نے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔ تقریب سے ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کی جانب سے پورے صوبے میں شروع کی گئی میراتھن صفائی کمپین صاف پختونخوا۔میرا خواب پختونخوا چھٹے روز بھی آب و تاب سے جاری رہا جس میں تقریباً 7 ہزار ورکرز اور 8 سو کے قریب گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ عید کے 3 دنوں کے دوران صفائی کے لیے اضافی عملہ اور گاڑیاں بھی مصروف عمل ہیں۔ پورے صوبے کی ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کا عملہ صرف عید کے پہلے دو دنوں میں اب تک ہزاروں ٹن آلائشیں اور فضلہ ٹھکانے لگا چکا ہے۔قومی کرکٹرز اور شوبز ستاروں کی جانب سے بھی صاف پختونخوا۔میرا خواب پختونخوا صفائی مہم کی حمایت کی گئی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر، لیفٹ ہینڈر اوپنر بلے باز فخر زمان، قومی وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر اور معروف ٹی وی میزبان توثیق حیدر نے اپنے وڈیو پیغامات میں صاف پختونخوا۔میرا خواب پختونخوا صفائی مہم کی حمایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ شہری متعلقہ اداروں کی جانب سے مخصوص کی گئی جگہوں پر ہی کچرا ڈالیں، اپنے ماحول کو صاف رکھیں اور صفائی عملے سے بھرپور تعاون کریں۔ کرکٹ و شوبز ستاروں کی طرف سے عوام پر زور دیا گیا کہ وہ گندگی کو پھیلنے سے روکیں اور صفائی کے عمل کو ترجیح دیں۔ دریں اثناء خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے عید کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں صوبے کے عوام سے پرزور اپیل کی کہ صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں اور ان کے کام کو آسان بنائیں۔ صوبے کو صاف رکھنا تب ہی ممکن ہو گا جب شہری متعلقہ اداروں سے تعاون کریں گے اور کچرا متعین کردہ جگہوں پر ہی ڈالیں گے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ صوبے کا ہر شہری صاف پختونخوا۔میرا خواب پختونخوا صفائی مہم کا حصہ ہے۔