سپیکر اسد قیصر کا اچھا فیصلہ!

  سپیکر اسد قیصر کا اچھا فیصلہ!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے بتایا کہ انہوں نے دُنیا کے مختلف ممالک کی پارلیمانوں کے سپیکروں سے رابطے کر کے ان کو کشمیریوں پر بھارتی ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین تر خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایک پارلیمانی گروپ تشکیل دے رہے ہیں، جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے سربراہ شامل ہوں گے اور یہ پارلیمانی گروپ مختلف جمہوری ممالک میں جا کر وہاں کے اراکین پارلیمینٹ اور حکام کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں کی نسل کش حرکات سے آگاہ کر کے ان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔یہ ایک صائب فیصلہ ہے،اس میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے اور سپیکر کو فوری طور پر پارلیمانی لیڈروں سے بات کر کے یہ کمیٹی نامزد کر دینی چاہئے،جو فوراً میٹنگ کر کے لائحہ عمل طے کر لے، دفتر خارجہ کی یہ ذمہ داری ہو کہ اس کمیٹی کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے حوالے سے تمام ثبوت اور دلائل پر مشتمل دستاویزات بھی فراہم کرے، تاکہ یہ حضرات اپنے دوروں کے دوران مدلل گفتگو کر سکیں۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کو ضم کرنے کے غیر قانونی،غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدامات سے پہلے ہی فوجوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا اور اس وقت نو لاکھ فوج نہتے کشمیریوں پر تشدد کر رہی، ان کو شہید کر رہی اور ان پر کھانا پینا بند کیا ہوا ہے۔دسواں روز کرفیو کا ہے،

اطلاعات کے مطابق بچوں کے لئے دودھ، گھر کی خوراک اور مریضوں کے لئے ادویات ختم ہو چکیں، کشمیریوں کو نمازِ جمعہ کے بعد نمازِ عید تک بھی ادا نہیں کرنے دی گئی،دُنیا بھر میں جس قدر بھی اطلاع اور خبریں پہنچ سکیں،انہی سے تشویش اور اضطراب پیدا ہوا اور دُنیا بھر میں بھارت کی مذمت میں احتجاج اور مظاہرے ہو رہے ہیں۔پاکستان کی حکومت کو اس صورتِ حال سے فائدہ اٹھانا چاہئے تھا،خود وزیراعظم کو سلامتی کونسل کے ان پانچ اراکین ممالک کے سربراہوں سے ملنا چاہئے تھا،اب حکومت نے وزیر خارجہ کے چینی وزیر خارجہ کے ساتھ مذاکرات اور ملاقات کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کے لئے درخواست کر دی ہے، لیکن مستقل اور غیر مستقل رکن ممالک کے ساتھ رابطے نہیں کئے جو کرنا چاہئیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے زیادہ بہتر قدم اٹھایا، ان کا یہ بہترین فیصلہ ہے اور یہ انتظام جلد از جلد ہونا چاہئے کہ کشمیری ظلم کے ساتھ اب تک سینہ سپر ہیں، کہیں بھوک کے آگے ان کی جدوجہد اور ثابت قدمی کو نقصان نہ پہنچے۔

مزید :

رائے -اداریہ -