کینیڈا اور عالمی برادری کشمیریو پراپنی ذمہ داریاں پوری کریں، رضا بشیر تارڑ

کینیڈا اور عالمی برادری کشمیریو پراپنی ذمہ داریاں پوری کریں، رضا بشیر تارڑ

  

اوٹاوا (آئی این پی)پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کینیڈا کی حکومت اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حوالے سے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں جب کہ کینیڈا کی سول سوسائٹی مقبوضہ کشمیر میں جائے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تنازعہ کشمیر کے حوالے سے قراردادوں کے تحت ہر صورت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ وہ بدھ کو یہاں اوٹاوا میں یوم آزادی اوریوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ہمارے کشمیری بھائی اپنے حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کی اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری،پاکستان اور بھارت دونوں نے ضمانت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لئے آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ بھارت کی طرف سے کشمیر کے لاکھوں عوام کے ساتھ بدخواہی کا ایک اور مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے چارٹر کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم نے جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے ذریعے عالمی امن میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور اقوام متحدہ کے امن آپریشنز میں بڑی تعداد میں فوجی بھیج کر عالمی سلامتی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کا یوم آزادی کینیڈین پارلیمنٹ میں منانے کے لئے کینیڈا کی مسلح افواج نے گارڈ آف آنر پیش کیا جب کہ ہائی کمشنر رضا بشیر تارڈ نے کینیڈین فوج کی مشق دیکھی قبل ازیں تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ اس موقع پر کینیڈا اور پاکستانی کمیونٹی کے ممبران نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

رضا بشیر تارڑ

مزید :

علاقائی -