انصاف کی جلد اور آسان فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر کرینگے: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

  انصاف کی جلد اور آسان فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر کرینگے: چیف جسٹس لاہور ...

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)یوم آزادی کے موقع پر عدالت عالیہ میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا،تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سردارمحمدشمیم خان نے کہا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی بھی صورت نہیں بھول سکتے۔ آزادی کی نعمت کیا ہے، یہ ہمارے کشمیری بھائیوں سے پوچھیں، جو بھارتی زیر تسلط کشمیر میں جدوجہد آزادی کے لئے اپنی جان، مال اور عزتوں کی قربانیاں دے رہے ہیں،آج کے دن عہدکرتے ہیں کہ انصاف کی جلد اور آسان فراہمی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔وہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان کی 72ویں یوم آزادی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے دیگر ججوں کے ہمراہ عدالت عالیہ کی عمارت پر پرچم بھی لہرایا۔تقریب میں سینئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ،رجسٹرار چودھری ہمایوں امتیاز، لاہور ہائی کورٹ افسران اور سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا کہ آج اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں پر موجود بچوں اور نوجوانوں کو بتانا چاہوں گا کہ اس مملکت خداداد کے حصول کیلئے ہمارے آباواجداد نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہم نے اس ملک کو ایک خاص نظریہ کے تحت حاصل کیا تھا، اس لئے ہم سب کا اخلاقی فرض ہے کہ ہم اس نظریہ پر سختی سے کاربند رہیں، جلد اور سہل انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے۔ یہ ہماری جانب سے اس ملک اور اپنی عوام کو آزادی کی 72ویں سالگرہ کا تحفہ ہوگا۔ انشاء اللہ یہ محض ایک بیان نہیں بلکہ یوم آزادی پر اپنے وطن سے وعدہ ہے اور یقین ہے کہ میرے فاضل ججوں، صوبہ پنجاب کی پوری عدلیہ اس عہد کو پورا کرنے کیلئے میرے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ اس مقصد کے حصول کیلئے مختلف اقدامات پہلے ہی کئے جاچکے ہیں اور اس کے مثبت اثرات بھی سامنے آرہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -