حکومت برآمدات کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے، کارپٹ ایسوسی ایشن 

    حکومت برآمدات کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے، کارپٹ ایسوسی ایشن 

  

لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہونے کیلئے معیشت سے جڑے ہوئے شعبوں میں ایمر جنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے، حکومت برآمدات کے فروغ پر توجہ مرکوزکرے اور اس کیلئے سفارتخانوں کو ٹاسک سونپا جائے،قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور اس کے حصول کیلئے پاکستانی قوم ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور شرکاء نے یوم آزادی کے سلسلہ میں پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرکارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف،  سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ دنیا میں اپنی اہمیت اور موقف کو تسلیم کرانے کے لئے ہمیں معاشی طور پر مضبوط ہونا ہوگا۔ حکومت کی طرف سے برآمدات کے فروغ کے لئے اعلانات خوش آئند ہیں لیکن ہمیں ان پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے لیکن ہم اس سے وہ فوائد حاصل نہیں کر سکے جس کی ضرورت تھی۔ا نہوں نے کہا کہ ہمیں یوم آزادی کی خوشی منانے کے ساتھ ساتھ پاکستا ن کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے عزم کا بھی اظہار کرنا چاہیے کیونکہ معاشی طور پر کمزور ممالک کے موقف کو دنیا میں پذیرائی نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سے استفادہ کیا جائے۔ ہمیں دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہونے کیلئے معیشت سے جڑے شعبوں میں ایمر جنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے جس میں برآمدات کو ترجیح دینی چاہیے اور جامع پالیسی مرتب کی جائے۔اس موقع پر دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

کامرس -