پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، فیسکو
فیصل آباد(بیورورپورٹ) ہم پاکستان کایوم آزادی کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں اور ان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے جائز حقوق کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ بابائے قوم قائداعظم نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔بھارت کشمیر کی حیثیت ختم کر کے اپنی روایتی مکاری کا ثبوت دے چکا ہے۔کشمیری بھائیوں کے لئے ہر طرح کی قربانی دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو فیسکو شفیق الحسن نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی پروقارتقریب کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ کہ ہمیں چاہیے کہ ہم قائد اعظم کے زریں اصولوں، ایمان،اتحاد اور تنظیم پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی کے لئے دن رات کام کریں۔ یوم آزادی کے روز ہمیں کلمہ شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک کے باسی ہیں جہاں ہم اپنے تمام تر مذہبی عقائدکے ساتھ آزاد زندگی گزا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے بزرگوں کی لاکھوں قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی وجہ سے پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک الگ اسلامی نظریاتی مملکت کے طور پر ابھرا۔ انہوں نے کہا کہ من حیث القوم ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی تما م تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر وطن عزیز کو عظیم تر بنائیں گے اور اقوام عالم میں اسے نمایاں مقام دلائیں گے۔ہر قسم کے حالات مصیبتوں اوردرپیش پریشانیوں کا اجتماعی طور پر سامنا کریں گے کیونکہ ہم زندہ قوم ہیں اور قوموں پر جب مصیبت اور آزمائش آتی ہے۔
تووہ مل جل کر اس کا مقابلہ کرتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ وطن عزیز کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی تمام تر بہتری صلاحیتوں کو بروئے کا رلاتے ہوئے اپنے ملک اور قوم کیلئے کام کریں کیونکہ وطن کی ترقی سے ہی ہمارا مستقبل اورنسل نو کا مستقبل وابستہ ہے۔ ہمیں وطن عزیز کو درپیش چیلنجز کا من حیث القوم مقابلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پرعام عوام کو بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ جب کشمیر میں کسی کو کوئی دکھ پہنچے تو اس کے عزیزوں اور رشہ داروں کو یہ احساس رہے کہ پاکستانی مسلمان بھائی اور بہنیں ہمارے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں اور آخر میں قائد اعظم محمد علی جناح کی اس آواز کو آپ کے ساتھ بلند کرنا چاہوں گا جس میں انہوں نے پیغام دیا کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔کشمیر کی آزادی تک کشمیری اور پاکستانی عوام کاایک ہی نعرہ رہے گا۔ کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی۔قبل ازیں تقریب کے تمام شرکاء نے چیف ایگزیکٹو فیسکو شفیق الحسن کی قیادت میں پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں فیسکو کے چیف انجینئرز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، دیگر افسران کے سمیت ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔