مقبوضہ کشمیر سے متعلق اجلاس کیلئے پاکستانی خط سلامتی کونسل کی صدر کو پہنچا دیا،ملیحہ لودھی

  مقبوضہ کشمیر سے متعلق اجلاس کیلئے پاکستانی خط سلامتی کونسل کی صدر کو پہنچا ...

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کو روکنے کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خط اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر کو پہنچا دیا۔مذکوہ خط میں سلامتی کونسل کی صدر سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا باضابطہ مطالبہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب ملیحہ لودھی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل میں لے کر جا رہے ہیں، امید ہے کہ سلامتی کونسل جلد کشمیر کے مسئلے پر ملاقات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں بحث ثبوت ہے کہ کشمیر کبھی بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں تھا تاہم سلامتی کونسل کو کشمیر میں پابندیوں اور انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لینا ہوگا۔ملیحہ لودھی نے مزید کہاکہ بھارتی پابندیوں اور کرفیو نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے لیکن امید ہے کہ کشمیر پر عالمی برادری حق اور انصاف کا ساتھ دے گی۔

ملیحہ لودھی

مزید :

صفحہ اول -