وزیراعظم کی للکار پر مودی اب سکون کی نیند نہیں سو سکیں گے: فردوس عاشق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریرکے بعد مودی سکون کی نیند نہیں سو سکیں گے۔ کشمیری بھائیوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ پاکستان ایک انچ بھی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ بدھ کے روز ڈی چوک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گولی اور قید سے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیری بھائیوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی آج کی تقریرکے بعد مودی کو نیند نہیں آئیگی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک انچ بھی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ آزادی کیلئے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں۔وزیراعظم پاکستان نے سینہ تان کے مودی کو للکارا اور پیغام دیا کہ وہ ریاستی دہشتگردی سے باز رہے، عمران خان کے آنے سے پہلے قیام پاکستان کا دورتھا، اقتدارمیں آنے سے پہلے عمران خان نے سامراجی نظام کیخلاف جنگ لڑی، اور اقتدار میں آنے کے بعد ایک سال تک استحکام پاکستان کیلئے کام کیا اورگلے سڑے نظام کے خاتمہ کیلئے اصلاحات کی، اب اگلا سال تعمیر پاکستان کا سال ہوگا۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بھارت نے مکروہ اورسیاہ عمل سے کشمیریوں سے شناخت چھیننے اور کشمیر کی حیثیت بدلنے کی سازش کی کی کوشش کی، کشمیریوں پر ظلم وستم ڈھائے گئے لیکن مودی سرکار یاد رکھے کہ گولی سے کسی قوم کو پابند سلاسل نہیں کیا جاسکتا۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے سینہ تان کے مودی کو للکارا اور پیغام دیا کہ وہ ریاستی دہشت گردی سے باز رہے، وزیراعظم نے بھارتی سرکار کو بتایا کہ ہم طاقت سے زیادہ جذبے سے لڑتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتا ہے، اہلیان کشمیر یقین رکھیں پاکستان کی بہنیں اور قوم کی مائیں آپ کے درد میں شریک ہیں، آپ کو پہنچنے والی ہر تکلیف پاکستانی عوام محسوس کرتی ہے، کشمیریوں کو ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے، اپنے موقف سے لچک نہیں دکھائیں گے، وزیراعظم عمران خان کشمیرکازکوہر فورم پراجاگر کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔قبل ازیں ایک پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیری عوام کوحق خودارادیت ملنے تک تقسیم ہند کا ایجنڈامکمل نہیں ہوسکتا،کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کسی قسم کی لچک کامظاہرہ نہیں کرے گا،وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام پورے ولولے کیساتھ یوم آزادی منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا،کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیری عوام کوحق خودارادیت ملنے تک تقسیم ہند کا ایجنڈامکمل نہیں ہوسکتا،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بہنے والے لہو کے چھینٹے ہمارے دلوں پرگرتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان