کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ناصر حسین شاہ 

کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ناصر حسین شاہ 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیربلدیات، جنگلات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ  نے  پاکستان کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر جشن آزادی کی مختلف تقاریب میں شرکت کی اس موقع پر صوبائی وزیر اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن پوری پاکستانی قوم جشن آزادی کے ساتھ ساتھ کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن بھی منا رہی ہے۔ایک ایک پاکستانی اس مشکل کی گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ اور کشمیری بھائیوں پر بے پناھ ظلم و ستم اور بربریت پر غم و غصے کی کیفیت سے دوچار ہے۔سوک سینٹر میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انشاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان۔کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیر بلدیات نے سوک سینٹر میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر پرچم کشائی کی، پاکستان کی  72ویں سالگرہ کا کیک کاٹہ، سوک سینٹر میں پودہ بھی لگایا اور پرندے بھی آزاد کئے۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لئے دعا بھی کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا شکرگذار ہونا چاہئے کہ اس نے ہمیں آزادی جیسی نعمت عطا کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم وقار مہدی،  معاون خصوصی برائے سیاسی امور راشد ربانی، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے بدر جمیل میندرو، کے ڈی لیبر یونین کے سیکریٹری جنرل محمد اشرف کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ اور سندھ کابینہ کے اراکین کے ہمراہ  مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر صوبائی وزیر بچوں اور عوام میں گھل مل گئے،  بچوں اورلوگوں نے اس موقع پر صوبائی وزیر کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائی۔ 

مزید :

صفحہ اول -