بھارت کشمیر کے نہتے عوام کو بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے: وزیر اعلٰی سند ھ

بھارت کشمیر کے نہتے عوام کو بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے: وزیر اعلٰی سند ھ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم آزادی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلی سندھ کی آمد پر بگل بجایا گیا۔ وزیراعلی سندھ  نے قومی ترانے کی گونج میں پرچم کشائی کی۔وزیراعلی سندھ نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، دعا کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔مزار قائد پر وزیراعلی سندھ  کے ساتھ صوبائی وزرا سعید غنی، ناصر شاہ، مکیش چاولہ، وزیراعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب، نواب وسان، سیدقاسم نوید، وقار مہدی  بھی تھے۔وزیراعلی سندھ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر میں عید منائی۔لیڈر شپ آسان نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ یہ عجیب بیان ہے کہ اقوام متحدہ میں ہمیں کوئی ویلکم نہیں کرے گا۔شہید بھٹو جب اقوام متحدہ گئے تو اس وقت بھی ہمارے ساتھ کوئی نہیں تھا لیکن بھٹو صاحب  نے پوری دنیا  کو اپنے ساتھ ملا لیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں  قائد اعظم محمد علی جناح اور ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے سیکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو رات 12 بجے اسپتال سے جیل منتقل کرنا انتہائی افسوس ناک اور قابلِ مذمت  ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں کئی دہائیوں سے اتنی بارش نہیں ہوئی۔میں مسلسل 4 دنوں سے سڑکوں پر  تھا۔میری کابینہ کے اراکین، انتظامیہ، لوکل باڈیز  نے بڑی محنت کرکے کافی علاقے کلیئر کیے۔وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے حالیہ بارشوں میں انسانی جانوں کے ضیاع کے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ کے ایم سی کی اپنی آفس کے باہر سے سندھ حکومت نے پانی نکالا۔میں اس کو کسی کی بھی غفلت نہیں کہوں گا بلکہ ہم سب کو مل کر اس شہر کی خدمت کرنی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر انڈیا کا اصل چہرہ دنیا کو دکھائیں کیوں کہ انڈیا کشمیر کے نہتے عوام کو بربریت کا نشانہ بنارہا ہے۔انڈیا سمجھتا ہے کہ70سال کی کشمیریوں کی جدوجہد ایک چھوٹی سی ترمیم سے ختم  ہوجائے گی۔ کشمیر کی آزادی کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ بھارت ایک ترمیم کرکے سمجھتا ہے کہ وہ کشمیریوں کی آوازکو دبالے گا یہ ممکن نہیں ہے۔ پوری دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان کی کارروائیوں کا نوٹس لیں۔ ہم اس وحشیانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کابینہ ممبران کے ساتھ آیا ہوں۔ آج ہم سادگی سے آزادی کا دن منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج میں 3 بجے  مزار قائد سے کشمیر ریلی کی قیادت کروں گا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر آئے ہوئے سفیر وں اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔اسکول کے بچوں سے ملے۔ ملی نغموں کی گونج میں وزیراعلی سندھ مہمانوں سے ملتے رہے۔قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ جب پرچم کشائی کی تقریب کے لیے مزار قائد پہنچے تو صوبائی کابینہ کے اراکین سعید غنی، مکیش چاولہ، مرتضی وہاب، معاونِ خصوصی وقارمہدی، راشد ربانی، نواب وسان، سید قاسم نوید، قائم مقام چیف سیکریٹری محمد وسیم  اور آئی جی پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے انہیں خوش آمدیدکہا۔ وزیراعلی ہاؤس واپسی پر وزیراعلی سندھ پیپلزسیکریٹریٹ میں رکے اور انہوں نے وہاں پارٹی کارکنوں کے ساتھ ملاقات کی اور انہوں نے  ان کے ساتھ تصاویر  اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔

مزید :

صفحہ اول -