ملک کی بقاء،سلامتی اور خودمختاری کیلئے معاشی ترقی نا گزیر ہے،ہمایوں اختر

  ملک کی بقاء،سلامتی اور خودمختاری کیلئے معاشی ترقی نا گزیر ہے،ہمایوں اختر

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)  تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء،سلامتی اور خودمختاری کیلئے معاشی ترقی نا گزیر ہے اور موجودہ حکومت اسی جانب گامزن ہے، پاکستانی قوم نے یوم آزادی کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طو رپر منا کر ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے پارٹی دفتر میں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر شرکاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی بربریت کے خلاف نعرے لگائے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے اور اب ہم نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کی جانب سفر کو تیز کرنا ہے اور اس کیلئے پوری قو م کو وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے  اور دنیا بھر میں ان کے موقف کو پذیرائی ملی ہے۔ بھارت نے بوکھلاہٹ میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام اٹھایا جو اس کے اپنے گلے پڑچکا ہے اور اب کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں نمایاں حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ حکومت کی کال پر امسال پاکستانیوں نے یوم آزادی کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منا کر ثات کر دیا ہے کہ پاکستان اور کشمیر میں بسنے والے ایک جسم کی مانند ہے اور کشمیریوں کے جسم پر آنے والے زخموں کا درد پاکستانی بھی محسوس کرتے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو جس قدر اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی اس لئے اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی کاز کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ چلے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -