نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،عبدا لغفار عزیز 

 نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،عبدا لغفار عزیز 

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ میں 14اگست یوم آزادی اور پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان عبدا لغفار عزیز نے کہا کہ پاکستان مدینہ کی اسلامی ریاست کی طرز پر کلمہ طیبہ کی بنیاد پروجود میں آیا۔پاکستان کی بنیاد میں لاکھوں شہداء کا خون ہے۔ پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور سلامتی کا ضامن اسلام ہے۔ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظام مصطفی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ پاکستان پوری امت مسلمہ کیلئے امید کی کرن ہے۔ آج مصر،بنگلا دیش،کشمیر اور فلسطین میں جو ظلم اور قتل غارت گری کا کھیل کھیلا جارہا ہے دنیا اس پر شرما رہی ہے مگر ظالم کے ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں۔ظلم کے خاتمہ کیلئے امن کے داعی آفاقی دین اسلام کاغلبہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔کشمیری پاکستان کیلئے جانیں قربان کررہے ہیں۔ عالمی برادری بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں،ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ہماری جدوجہد کا محور اور مرکز پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی مملکت بنا نا ہے۔انہوں نے کہا کہ  بنگلا دیش میں آج بھی جماعت اسلامی کے رہنما پاکستان سے وفا اورمحبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکائے جارہے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -