کالا شاہ کاکو،دوگروپوں میں تصادم،پی ٹی آئی کارکن قتل،7افراد زخمی

Aug 15, 2019


کالا شاہ کاکو(نامہ نگار) مریدکے ٹاؤن میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پی ٹی آئی کا کارکن قتل جبکہ جماعت اسلامی مریدکے کے سابق امیر سمیت نصف درجن سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جماعت اسلامی مریدکے کے سابق امیر شبیر حسین سرویا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قیصر ورک کے بھائیوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی جو شدید جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی اور فریقین کے درمیان اسلحہ اور چھریوں کا استعمال شروع ہو گیا جس کے نتیجے میں قیصر ورک کا چھوٹا بھائی عاصم ورک عرف ڈپٹی چھریوں کے وار سے جاں بحق جبکہ شبیرحسین سرویا سمیت دونوں پارٹیوں کے تقریباً 7  سے زائد افراد چھریوں اور گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے جنہیں میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے شبیر سرویا وغیرہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ورک گروپ کے مطابق شبیر سرویا کی قیادت میں مسلح افرا د نے ان پر حملہ کیا اور عاصم ورک کو قتل اور متعدد کو زخمی کر دیا جبکہ شبیر سرویا گروپ کا مؤقف ہے کہ ورک گروپ کے اراکین مسلح ہو کر ان کے گھروں پر حملہ آور ہوئے اور اپنے ہی حملہ کے دوران ان کے ساتھی قتل اور زخمی ہوئے۔ایس ایچ او تھانہ سٹی چودھری غلام حسین نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

مزیدخبریں