اپوزیشن کشمیر کشمیر کررہی ہے،حکومت سیاسی انتقام میں مصروف،نفیسہ شاہ
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کشمیر میں بھارتی آئینی جارحیت کے موقع پر نجانے کیوں ملکی اتحاد کو تہس نہس کررہی ہے۔ ایک بیان میں نفیسہ شاہ نے کہاکہ بلاول بھٹو کشمیر گئے تو پیچھے سے راتوں رات فریال تالپور کو غیرقانونی طور پر جیل پہنچادیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز کے کشمیر جانے سے پہلے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کی باتیں کرنے والوں کو عمران خان کا وزیرخارجہ احمقوں کی جنت میں رہنے والا قرار دے رہا ہے۔اپوزیشن کشمیر کشمیر کررہی ہے اور عمران خان سیاسی انتقام میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب اتحاد کا پیغام دئیے جانے کی ضرورت تھی، عمران خان نے سیاسی انتشار پھیلادیا، عمران خان واضح کریں کہ کیا انہوں نے کشمیر پر سودا کرلیا ہے؟۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری نے اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران حکومت کو بتایا کہ ایسے موقعوں پر دوست ممالک کا دورہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کی تقریر کے بعد شاہ محمود قریشی بھاگم بھاگ چین پہنچے۔
نفیسہ شاہ