حضوری باغ میں یوم آزادی تقریب کی جھلکیاں 

حضوری باغ میں یوم آزادی تقریب کی جھلکیاں 

  

لاہور(مانیٹر نگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ حضوری باغ پہنچے تو صوبائی وزیر اوقاف پیر سیدسعیدالحسن شاہ،چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس،کمشنر اوردیگر اعلی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔٭بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزادنے ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے دعا کرائی۔٭وزیراعلیٰ اورگورنر کوحضوری باغ کے سامنے بادشاہی مسجد کی سیڑھیوں پر کھڑے سکاؤٹس نے سبزہلالی پرچم اورکشمیر کے پرچم لہرا کرپرجوش سلامی پیش کی۔وزیراعلیٰ اور گورنر سکاؤٹس میں گھل مل گئے اوران کے ساتھ ملکر پاکستان اورکشمیر کے پرچم لہرائے۔٭وزیراعلیٰ اور گورنر پرچم کشائی کیلئے عالمگیری گیٹ کی طرف روانہ ہوئے تو سکول کے بچوں اوربچیوں نے پھول نچھاور کیے اوردف بجاکراستقبال کیا۔راستے میں کشمیر کے روایتی رنگ برنگے لباس پہنے ننھی منی طالبات نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔وزیراعلیٰ اورگورنر نے ہاتھ ہلا کر ان کا جواب دیا۔٭وزیراعلیٰ، گورنر پنجاب کے ہمراہ حضوری باغ پہنچے تو حاضرین نے کھڑے ہو کر ان کا پرجوش استقبال کیا۔٭یوم آزادی کی تقریب کا آغازتلاوت قرآن پاک سے کیاگیا اورنعت رسولؐ مقبول پیش کی گئی۔٭ قائداعظم ؒکی آواز میں ان کی تقریروں کے اقتباسات بھی سنائے گئے۔٭پرجوش حاضرین نے قائداعظمؒ کی آوازسن کر تالیاں بجاکر قائدؒکو خراج تحسین پیش کیا۔٭تقریب میں سکول کے بچوں وبچیوں کی طرف سے ملی ترانے پیش کیے گئے۔٭ کمسن طالبعلم غلام مرتضی نے ”کشمیر میری جنت ہے،مجھ کو اس میں رہنا ہے“……سن لودنیا کے رکھوالوں مجھ کو اب کچھ کہنا ہے“کا ترانہ پیش کرکے حاضرین پرسحر طاری کردیا۔٭وزیراعلیٰ،گورنر اوردیگر مہمان سکولوں کے بچوں کے پاس گئے اوران کے ساتھ مل کر ملی ترانے گنگنائے اورپاکستان اورکشمیر کے پرچم بھی لہراتے رہے۔٭وزیراعلیٰ اورگورنر نے تقریب میں شریک چین اور ایران کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اوران کی نشست پر جا کر مصافحہ کیا۔٭چین اورایران کے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔٭وزیراعلیٰ کی بیٹیوں نے بھی حاضرین کیساتھ پنڈال میں بیٹھ کر تقریب دیکھی۔٭پنڈال کو سبز اورسفید غباروں سے آراستہ کیاگیا تھا اورپاکستان کیساتھ کشمیر کے پرچم بھی لگائے گئے تھے۔٭تقریب کے دوران حاضرین پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہراتے رہے۔٭تقریب میں صوبائی وزراء،ارکان اسمبلی،چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری انفارمیشن دیگر افسران،سکولوں کے طلباء وطالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جھلکیاں 

مزید :

صفحہ آخر -