افغان فورسز کی کاروائیاں،21طالبان ہلاک

    افغان فورسز کی کاروائیاں،21طالبان ہلاک

  

کابل(آئی این پی)افغان سکیورٹی فورسز نے فضائی حملے کی مدد سے افغانستان کے 4مختلف صوبوں میں کارروائی کرتے ہوئے 21 طا لبا ن کو ہلاک اور 9کو شدید زخمی کر کے گرفتار کر لیا،افغان سکیورٹی فورسز نے جلال آباد میں آپریشن کرکے 2اہم داعشی دہشتگردوں کو بھی گرفتار کر لیا،دوسری جانب دارالحکومت کابل میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں حقانی نیٹ ورک کے اہم رہنما خلیفہ داود کو گرفتار کر لیاگیا ہے، تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فضائیہ کی مدد لیتے ہوئے افغان صوبہ غزنی، وردک، فاریاب اور ہلمند میں کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 21طالبان ہلا ک ہو گئے جبکہ9طالبان کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، زخمی طالبان کو ابتدائی طبی امداد کے بعد حکومت کے حوالے کر دیاگیا،ترجمان ملٹری کا کہنا ہے اس آپریشن میں طالبان کا اسلحے کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کیا گیا اور مختلف اقسام کا کچھ اسلحہ قبضے میں لے لیا، ان کارروائیوں پر طالبان گروپوں کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ عطااللہ خوگیانی نے کہا ہے افغان سکیورٹی فور سز نے آپریشن کلین کے دوران جلال آباد کے ضلع باٹی کوٹ سے دو اہم داعشی دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے، انہوں نے ان اہم داعشی دہشتگردوں کے بارے تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا اور کہا یہ داعشی دہشت گردحالیہ دنوں میں ننگر ہار صوبہ میں انتشار پھیلانے میں ملوث رہے ہیں، آپریشن کے دوران اسلحہ اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔دوسری جانب افغان وزارت داخلہ کے جاری کردہ  بیان میں کہا گیاہے کہ افغان فورسز نے کامیاب آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے حقانی نیٹ ورک کے سردار محمد الیاس خلیفہ داؤد کو چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا ہے، وزارت داخلہ کے مطابق خلیفہ داؤد ایمونیشن اور فوجی وردیاں طالبان و دیگر دہشت گردوں کو فراہم کرنے میں ملوث تھا۔

طالبان ہلاک

مزید :

صفحہ آخر -