ملتان:عید پر ضلعی انتظامیہ کا بہترین انتظامات کا دعویٰ تبدیلی آگئی؟ارکان اسمبلی
ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر عید الاضحی پر انتظامیہ متحرک رہی اور ملتان میں مثالی اقدامات دیکھنے کو ملے۔ عید پر بہترین انتظامات دیکھ کر دل خوش ہو گیا اور تبدیلی حقیقی معنوں میں نظر آئی۔ان خیالات کا اظہار وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ جشن آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے۔چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ پر نہ صرف مثالی کام کیا ہے بلکہ نتیجہ خیز (بقیہ نمبر24صفحہ12پر)
مانیٹرنگ بھی کی جس کی وجہ سے شہریوں کو بہترین سروسز میسر ہو پائیں۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب جاوید اختر انصاری نے کہا کہ جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت ندیم قریشی نے کہا کہ عید پر شہر بہترین انتظامات کا سہرا انتظامی افسران کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی پر پاکستان اور آزاد و جموں کشمیر کے پرچم لہرا کر عالمی برادری کو مثالی یکجہتی کا پیغام دیا گیا ہے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ انتظامیہ کے افسران اور سینٹری ورکرز نے اپنی عید شہریوں کیلئے وقف کر دی۔ ڈویژن کا ماحول پاک بنانے کیلئے آپریشن کلین اپ اب بھی جاری ہے۔ عید کے دو روز میں 10 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں تلف کی گئیں۔ کمشنر نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی سپورٹ اور مثبت تنقید سے معاملات بہتر کرنے میں مدد ملی۔ کمشنر نے شہریوں کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ صفائی کو ممکن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر منارہے ہیں۔ کشمیر کا الگ تشخص پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ڈی سی ملتان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں صفائی کے مثالی نظام کیلئے بھاری مشینری اور عملہ صفائی تعینات کیا گیا۔ عید کے دو روز میں 8 ہزار ٹن آلائشیں تلف کی گئیں جو کہ مقرر ہدف سے کہیں زیادہ ہے. عامر خٹک نے کہا کہ شہر کی بہترین صفائی کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے آلائشیں ڈالنے کیلئے گھر گھر شاپر تقسیم کیے گئے۔اور تمام سیکٹرز کی مکمل مانیٹرنگ کی گی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف اور ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔تمام آفیسرز،منیجرز اور ورکرز پر فخر ہے جنہوں نے شہریوں کیلئے صاف ستھرا ماحول کی فراہمی ممکن بنائی۔ڈی سی نے کہا کہ اہل ملتان کے اعتماد کا اظہار ہماری کامیابی ہے۔ ورکرز نے اپنی محنت اور لگن سے شہریوں کے دل جیت لئے ہیں جبکہ مثبت تنقید ہماری حوصلہ افزائی اور بہتری کا سبب بنی ہے۔ ڈی سی ملتان نے کہا کہ صفائی مہم کو اسی رفتار سے جاری رکھا جائے۔سی پی او ملتان زبیردریشک نے کہا کہ تمام مساجد اور مذہبی مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔اس موقع پرممبر قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ، ممبران صوبائی اسمبلی سبین گل،بیرسٹر وسیم خان بادوزئی، سلیم لابر،ڈویژنل، ضلعی اور پولیس افسران اور شہر کی نمائندہ شخصیات بھی موجود تھیں۔