مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس، بھارت کے پرانے دوست روس نے بھی اسے بڑا جھٹکا دیدیا
ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن )50 سال میں پہلی مرتبہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس کل ہونے جارہاہے جو کہ پاکستان کیلئے سفارتی سطح پر بہت بڑی کامیابی تصور کی جارہی ہے تاہم اب بھارت کے پرانے دوست روس نے بھی اسے بڑا جھٹکا دیدیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے نائب مستقل مندوب دمیتری پولیانکسی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روس مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کے اجلاس کی مخالفت نہیں کرے گا ، طویل عرصہ کے بعد کشمیر کے معاملے پر اجلاس ہونے جارہاہے ۔خیال رہے کہ پاکستان کے مطالبے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس 16 اگست کو ہو رہا ہے جس میں تقریباً 50 برس بعد مقبوضہ کشمیر کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا تھا جس دوران انہوں نے روسی وزیر خارجہ کو مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہی فراہم کی ۔