بھارت جذبہ آزادی کو طاقت سے نہیں دبا سکتا،پاک فوج کشمیر یوں کیلئے اپنی قومی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ہر وقت تیار ہے:سردار تنویر الیاس خان

بھارت جذبہ آزادی کو طاقت سے نہیں دبا سکتا،پاک فوج کشمیر یوں کیلئے اپنی قومی ...
بھارت جذبہ آزادی کو طاقت سے نہیں دبا سکتا،پاک فوج کشمیر یوں کیلئے اپنی قومی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ہر وقت تیار ہے:سردار تنویر الیاس خان

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ و ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہبھارت جذبہ آزادی کو طاقت سے نہیں دبا سکتا،نریندر مودی نے 370 اور دفعہ 35 اے ختم کر کے بھارتی تابوت میں آخری کیل بھی ٹھونک دی ہے، کشمیر کی آزادی کیلئے ہم سب کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا،پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑی ہے،پاکستان کی طرف سے حق خودارادیت کے حصول تک جموں و کشمیر کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق ’’یوم سیاہ‘‘ کے موقع پر مختلف تقریبات میں شرکت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے یوم آزادی کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جبکہ بھارت کے یوم آزادی کو نہ صرف مقبوضہ جموں وکشمیر بلکہ اس دفعہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھی یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا ،بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ،بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر کئے گئے مظالم عالمی برادری کے سامنے کھل کر آ چکے ہیں،دنیا بھر کے مسلمان مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مظالم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت جذبہ آزادی کو طاقت سے نہیں دبا سکتا،مودی کے فیصلے نے سب کشمیریوں کو یکجا کر دیا، پاکستان کی بہترین خارجہ پالیسی کی وجہ سے اقوام متحدہ نے کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے جو کہ حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،ہماری فوج کشمیر یوں کیلئے اپنی قومی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان عمران خان ،ان کی کابینہ نے مظفر آباد میں جا کر کشمیریوں کے ساتھ جس یکجہتی کا اظہار کیا ہے اپنی مثال آپ ہے۔انہوں  نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پورے پنجاب میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے منعقدہ تقاریب میں شرکت کر کے ایک متحرک وزیراعلیٰ کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے کشمیریوں کے بارے پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کی  جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی مسئلہ کشمیر پر برطانیہ سمیت پوری دنیا  میں  اپنا اثر رسوخ  استعمال  کر  کے عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے میں  اہم کردار ادا کیا ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیر اور پاکستان بھر میں مظاہروں، ریلیوں اور منعقدہ تقریبات کے جوش و خروش کو قومی امنگوں کی ترجمانی سے تعبیر کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -