عمران فاروق قتل کیس،پاکستان نے برطانیہ سے بانی متحدہ سمیت افتخار اور محمد انور کی حوالگی کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ سے مجرم قرار دیے گئے بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم)، ان کے قریبی عزیز افتخار حسین اور محمد انور کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔حکومت نے برطانوی حکام کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان کے تعاون کے سبب قاتلوں کو سزائیں ہوئیں، اب برطانیہ تعاون کرتے ہوئے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائے۔خیال رہے کہ اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ 18 جون کو سنایا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کو عمر قید اور مقتول کے ورثاکو 10،10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کیس میں اشتہاری ملزمان بانی ایم کیو ایم اور ان کے عزیز افتخار حسین سمیت محمد انور اور کاشف کامران کے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
حوالگی مطالبہ