افغان حکومت نے 400 میں سے 80طالبان قیدی رہا کر دیئے
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغان حکومت نے طالبان کے 400 مخصوص قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کر دیا۔افغانستان کے نیشنل سکیورٹی کونسل کے مطابق حکومت نے 400 طالبان قیدیوں میں سے 80 کو رہا کر دیا، طالبان قیدیوں کو کابل کے پل چرخی جیل سے رہا کیا گیا۔نیشنل سکیورٹی کونسل کے مطابق طالبان قیدیوں کی رہائی سے افغانستان میں مکمل جنگ بندی کی کوششوں میں تیزی آئیگی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رہائی پانیوالے قیدیوں میں سے 44 ایسے قیدی ہیں جو بڑے حملوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق حملوں میں ملو ث قیدیوں کی رہائی پر امریکہ سمیت دیگر ملک تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔افغان صدر اشرف غنی نے بھی گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا 44 طالبان قیدیوں کی رہائی دنیا کیلئے خطرناک ہو گی۔خیال رہے طالبان نے افغان حکومت کیساتھ امن مذاکرات کیلئے 400 مخصوص قید یوں کی رہائی کی شرط رکھی تھی اور پھر چند روز قبل افغان لویہ جرگے نے طالبان قیدیوں کی رہائی کی منظوری دی تھی۔
طالبان قیدی رہا