جنگیں افرادی قوت،دفاعی بجٹ پر نہیں جذبہ حب الوطنی سے جیتی جاتی ہیں:فیاض الحسن
لاہور(نمائندہ خصوصی، این این آئی)صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہمارے آبا ؤ اجداد اپنی جاگیریں، عزتیں، وجاہتیں، باغات سمیت اپنا سب کچھ ہندوستان چھوڑ کر پاکستان اس لئے آئے تاکہ وہ دو قومی نظریے کے مطابق عزت و احترام سے اپنی زندگی گزار سکیں،ایک طرف پاکستان میں اقلیتوں کیلئے کرتار پور راہداری بنائی گئی، مندروں کے لیے خصوصی فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں، انتظامیہ، عوام، پولیس اور فوج اقلیتوں کی عزت و ناموس کی حفاظت میں مصروف ہیں دوسری جانب انتہا پسند مودی کی انتہا پسند جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس کے انڈیا میں بابری مسجد شہید کر کے رام مندر تعمیر کیا جاتا ہے، آج بھارت میں اقلیتوں سمیت چھوٹی ذات کے ہندوں کی بھی عزت محفوظ نہیں۔ 14 اگست کے موقع پریومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن نے بھارت کو خبردار کیا کہ فرانس سے حال ہی میں ملنے والے رافیل طیارے پاکستان بھیجنے کی غلطی نہ کرے ورنہ 27فروری 2019کی طرز پر ”طیارے زمیں پر، پارٹ ٹو“ بنا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی افرادی قوت اور زیادہ دفاعی بجٹ پر ناز کرنے سے پہلے بھارت یہ جان لے کہ جنگیں جذبہ حب الوطنی اور جذبہ ایمانی سے جیتی جاتی ہیں۔علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کورونا بحران کے دوران گور نر پنجاب چوہدری سرور نے مخیر حضرات کیساتھ ملکر بیروزگار خاندانوں کو راشن کی فراہمی کیلئے جو کام کیا ہے،تاریخ اس کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وفاقی اور پنجاب حکومت بھی کورونا کیخلاف جنگ میں تمام وسائل کو استعمال کرتے ہوئے غر یبوں کیساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وال آف کورو نا ہیروز بھی ایک تاریخی اقدام ہے تاکہ آنیوالے نسلیں یہ دیکھ سکیں کہ وہ کون لوگ ہیں جو کورونا وباء کیخلاف فر نٹ لائن پر لڑتے رہے۔
فیاض چوہان