سندھ کو حق نہیں مل رہا،نظریہ ضرورت اور آمریت ہر چند سال بعد سر اٹھا لیتے ہیں:بلاول
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، وزیراعظم عمران خان نے شہر قائد کے عوام سے جو وعدے کیے ایک بھی پورا نہیں کیا،ہم کراچی کو حقوق دلوائیں گے۔گزشتہ روز پیپلز سکوائر انڈر گراونڈ پارکنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پروجیکٹ 10 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا جس کیلئے ورلڈ بینک سے قرضہ حاصل کیا گیا، مزید کئی منصوبوں پر 30 ستمبر سے کام شروع ہوجائے گا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی، یہ منصوبہ عوام کی تفریح کا بہترین منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کو وسائل کی شدید کمی کا سامنا ہے، 18 ویں ترمیم کے باوجود صوبوں کو حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور این ایف سی ایوارڈ میں بھی سندھ کو اس جائز حق نہیں دیا گیا۔ جائز مطالبات کے لیے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ کراچی کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے تو ہم انقلاب بھی لیکر آئیں گے۔ پاکستان کو ہم ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ پیسے کا انتظام کرنا ہمارا کام ہے۔ ہم اس شہر کو اس کا حق دلوائیں گے۔صوبائی حکومت رکھتے ہوئے شہرمیں ہم نے اپنا مینڈیٹ اپوزیشن کو دیا ہے۔ اب ماحول بنا ہے کہ ہم عوام کے لئے کام کریں۔ ہم سب کی قربانیوں سے کراچی کی روشنیان واپس آئیں ہیں۔ کراچی میں پوری دنیا کے دہشت گرد کام کر رہے تھے۔دریں اثناء یوم آزادی پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل آئین، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کو تسلیم کرنے میں ہے۔ نظریہ ضرورت اور آمریت ہر چند سالوں بعد کیوں سر اْٹھا کے سامنے آتے رہتے ہیں۔ہمارے نوجوان متحرک اور آزادی کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں، پاکستان کی تحریک آزادی پرامن سیاسی جدوجہد تھی۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی اور پٹرول جیسی اشیا مافیاز کے کنٹرول میں کیوں ہیں۔
بلاول