یوم آزادی یوم تشکر اور تجدید عہد کا دن بھی ہے،سعید الحسن شاہ
لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست پاکستان کے 73 ویں یوم آزادی پر پوری قوم کو وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔یوم آزادی دراصل یوم تشکر اور یوم تجدید عہد کا دن بھی ہے۔ہم یوم آزادی کو اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی لازوال تحریک سے منسوب کرتے ہیں۔
کیونکہ کشمیر پاکستان کے بغیراور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کے پرچم بھی لہرائے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پنجاب کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار محبت کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دنیا کو بتا دیں گے کہ کشمیر بھی ہمارا ہے۔