طیاروں میں جراثیم کش اسپرے،دستانوں،ماسک کا استعمال لازمی
اسلام آباد (آن لائن)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا سے متعلق مسافروں کیلئے نئے ایس او پیز جاری کردئیے، جس کے تحت ایئر پورٹ پرمسافروں کے پروٹوکول پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، مسافروں کو روانگی لانج کے سامنے ڈراپ کیا جائیگا، جبکہ اندرون ملک روانگی لانج کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔نئے ایس اوپیز کے تحت اندرون ملک پروازوں اور چارٹرڈ فلائٹ پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ پروازوں کی روانگی اور مسافروں کو سوار کرنے سے قبل طیاروں کو جراثیم کش اسپرے سے ڈس انفیکٹ کیا جائیگا۔ فضائی میزبان پی پی ای کٹس سرجیکل ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں گے۔ اسی طرح پرواز کی روانگی سے قبل مسافروں کی مکمل فہرست جہاز کا کپتان، ایئر پورٹس اور منیجرز کو فراہم کرنے کا پابند ہو گا۔ طیاروں میں مسافروں کو سماجی فاصلے کے مطابق ایک سیٹ چھوڑ کر بٹھایا جائے گا۔ پرواز آپریٹ کرنے والے پائلٹ فرسٹ آفیسرز بھی سرجیکل ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں گے۔دوران پرواز طیارے کے واش روم کو استعمال کرنے کے بعد فضائی میزبان ڈس انفیکشن اسپرے لازمی کریں گے۔ ایس او پیز پر مشتمل نئی ایڈوائزری 12اگست 2020 سے نافذ العمل ہوگی۔ نئی ایڈوائزری سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
ایس او پیز