موسم کی مداخلت بھی ٹیم کی بیٹنگ متاثر کرنے کا سبب بنی، عابد علی
ساؤتھمپٹن(نیٹ نیوز)کرکٹر عابد علی کا کہنا ہے کہ موسم کی مداخلت بھی ٹیم کی بیٹنگ متاثر کرنے کا سبب بنی۔انگلینڈ اولڈ ٹریفورڈ سے ویڈیو کانفرنس میں اوپنر نے کہا کہ ابھی بابر اعظم اور محمد رضوان کریز پر ہیں، امید ہے بہتر ٹوٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، فواد عالم پاکستان کے لیے کھیل رہے ہیں، ہر کوئی چاہتا ہے کہ وہ ٹیم کے لیے رنز بنائے، ان کے آؤٹ ہونے کا شائقین کی طرح ہم سب کو بھی دکھ ہوا۔
عابد علی نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز کا پہلا تجربہ ہے، انہیں اپنے لیے چیلنج سمجھتا ہوں، کوچز نے اچھی تیاری کروائی، بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کررہا ہوں، نئی گیند کا سامنا کرتے ہوئے کریز پر قیام طویل کرنے کے لیے کوشاں رہا، 60 پر آؤٹ ہونے پر مایوسی ہوئی لیکن کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے، منیجمنٹ کی جانب سے بڑا اعتماد دیا گیا ہے، کوئی دباؤ محسوس نہیں کرتا۔