نائے گاج ڈیم 51فی صد مکمل ہو گیا،:چیئرمین واپڈا
لاہور(سٹی رپورٹر)دادو سندھ میں حالیہ سیلاب کے تناظر میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)مزمل حسین نے آج ضلع دادو میں واقع نائے گاج ڈیم پراجیکٹ ایریا کا دورہ کیا۔ اُن کے دورے کا مقصد پراجیکٹ ایریا میں سیلاب کی صورتِ حال اور پراجیکٹ کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینا تھا۔ اِ س دوران چیئرمین واپڈا نے نائے گاج ڈیم پراجیکٹ کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا۔جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساؤتھ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نائے گاج ڈیم بھی اِس موقع پر موجود تھے۔چیئرمین واپڈا نے اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دادو اور سندھ کی سول انتظامیہ کو سیلاب کے باعث پیدا ہونے والی صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے اپنی بھر پور مدد کی یقین دہانی کرائی۔ اُ نہوں نے حالیہ سیلاب کے دوران رائٹ بنک آؤٹ فال ڈرین کے سٹرکچرز کو محفوظ رکھنے کے لئے واپڈا انجینئرز اور دیگر سٹاف کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔قبل ازیں جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساؤتھ نے چیئرمین واپڈا کو بریفنگ دی اور اُنہیں سیلاب کے دنوں میں پراجیکٹ ایریا میں پانی کے بہاؤ، منصوبے کی صورتِ حال اور سیلاب سے پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مین ڈیم کی تعمیر کے لئے بالائی جانب تعمیر کیا گیا حفاظتی بند سیلاب کے دوران متاثر ہوا ہے تاہم زیر تعمیر مین ڈیم محفوظ رہا۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ پراجیکٹ کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلی رپورٹ مرتب کریں۔ اُنہوں نے پراجیکٹ انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات پر مبنی سفارشات مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مستقبل میں ایسی صورتِ حال سے مؤثر طور پر نمٹا جاسکے۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ نائے گاج ڈیم گاج دریا پر دادو شہر سے 65 کلو میٹر شمال مغرب میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ پراجیکٹ میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 3 لاکھ ایکڑ فٹ ہے جبکہ منصوبے کا کمانڈ ایریا 28 ہزار 800ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے۔ نائے گاج پراجیکٹ51فی صد مکمل ہو چکا ہے۔ایکنک سے نائے گاج ڈیم کے لئے فنڈز کی منظوری ہونے پر یہ منصوبہ دو سال میں مکمل کیا جاسکتاہے۔