کرغزستان ویزے کا جھانسہ دینے والا گروہ فیس بک پر پھر سرگرم،پاکستانی سفارتخانے کا طلبہ کو انتباہ جاری

کرغزستان ویزے کا جھانسہ دینے والا گروہ فیس بک پر پھر سرگرم،پاکستانی ...

  

 لاہور(نامہ نگارخصوصی)کرغزستان میں پاکستانی سفارت خانے نے خبردارکیاہے کہ کرغزستان میں بیٹھ کر فیس بک کے ذریعے پاکستانیوں کو مختلف ممالک کے ویزے لگانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے والا جعل سازوں کا گروہ ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگیاہے،پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاہے کہ گزشتہ سال انسانی سمگلروں کے چنگل میں پھنس کر بشکیک میں گرفتار ہونے والے تین پاکستانیوں کو عدالت سے کیس لڑ کر پاکستان واپس بھجوایا گیا تھا،سفارت خانہ حکام کے مطابق انہیں باخبر ذرائع سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کورونا کے باعث ہوائی رابطوں میں تعطل ختم ہونے کے بعد یہ انسانی سمگلروں کے گروہ پاکستانیوں کو کینیڈا،یوکرائن اور دیگر ممالک کے ویزے کا جھانسہ دے کر کرغزستان بلانے کامنصوبہ بنا رہے ہیں، بشکیک میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے اپنے ایک دوسرے انتباہی بیان میں کہاہے کہ کرغزستان کی پرائیویٹ میڈیکل یونیورسٹیوں میں داخلوں کے حوالے سے بے قاعدگیوں کے بارے میں کافی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ بہت سارے پاکستانی طلبا کو مستند اور چارٹرڈ یونیورسٹیوں کے دعوت ناموں پر کرغزستان بلایاگیا تاہم کرغزستان پہنچنے اور فیس کی وصولی کے بعد طلبا کو غیر مستند اور غیر تصدیق شدہ یونیورسٹیوں میں زبردستی داخل کروایاگیا،پاکستانی سفارت خانے نے طلبا اور ان کے والدین کو متنبہ کیا ہے کہ مفاد پرست ایجنٹوں کے دھوکہ سے ہوشیار رہیں اور کرغزستان کی یونیورسٹیوں میں داخلوں سے پہلے ان کے معیار کی تصدیق کرلیں۔ متاثرہ طلبا و طالبات نام نہاد ایجنٹوں کے خلاف کارروائی اور قانونی چارہ جوئی کے لئے بشکیک میں قائم پاکستانی سفارت خانہ سے رابطہ کریں۔

انسانی سمگلر

مزید :

صفحہ آخر -