”را“ کا سائبر حملہ بھی ناکام!

”را“ کا سائبر حملہ بھی ناکام!

  

معروضی حالات میں آج کے دورِ جدید نے بہت کچھ تبدیل کر دیا ہے، انسان کو سہولتیں بہم پہنچائیں، نئی ایجادات ہوئیں، انہی میں مواصلاتی ایجاد بھی ہے۔ کمپیوٹر نے جہاں انسان کو خلائی تحقیق اور بعض مشکلات حل کرنے میں مدد پہنچائی، وہاں اس خوبی کے ساتھ ساتھ برائی بھی در آئی ہے۔ سوشل میڈیا کی تو بات ہوتی ہی تھی کہ اب سائبر کرائمز سے ”سائبر  جنگ“ کی نوبت بھی آ گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی ایجنسی ”را“ کی طرف سے سائبر حملے کئے گئے اور اہم دفاعی امور تک رسائی کی کوشش کی گئی، جسے ہمارے ماہرین نے ناکام بنا دیا، آئندہ کے لئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے کہ متعلقہ شعبے اور حضرات خبردار رہیں کہ یہ سلسلہ بھی شروع ہے۔ مواصلات کا یہ جدید نظام جن کی ایجاد ہے وہ بھی اِس سے پریشان ہیں۔ امریکہ کی طرف سے چین کے خلاف الزام لگایا گیا، جبکہ امریکہ کے  اندر روس اور چین سے انتخابی مدد کا شہرہ ہوا، صدر ٹرمپ کے خلاف تحقیق ہوئی تو ان کی طرف سے بھی الزام تراشی کی گئی۔اِن حالات میں یہ اطلاع جہاں تشویش کا باعث ہے، وہاں اطمینان بخش بھی ہے کہ ہمارے مواصلاتی ماہرین نے دشمن کی یہ کوشش ناکام بنا دی اور مستقبل کے لئے تحفظ کا بھی اہتمام کیا ہے،اِس سے ہم عام شہریوں کو بھی سبق حاصل کرنا ہو گا کہ ایسا ہو رہا ہے اور اکاؤنٹ ہائی جیک ہوتے ہیں،اِس لئے اس جدید تر سہولت کے استعمال میں بہت احتیاط کی جائے اور نہ خود غلط استعمال کریں نہ کسی کا شکار ہوں۔

مزید :

رائے -اداریہ -