آزادی کا مفہوم جشن منانا اور گانے بجانانہیں،عبدالقدیر اعوان
پشاور (سٹی رپورٹر)تنظیم الاخوان پاکستان نے کہا ہے کہ آزادی کا مفہوم ہم نے صرف یہ سمجھ لیا ہے کہ ہم جشن منائیں،گانے او ر ڈھول باجے پر ناچیں بلکہ ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ جب سے یہ ملک خداداد وجود میں آیا ہے اُس دن سے لے کر اب تک وطن عزیز کی کتنی تعمیر ہوئی ہے۔کیا ہم نے اس کی تعمیر و ترقی کو آگے بڑھایا یا اس کی تخریب کا سبب بن رہے ہیں۔ہمیں اپنی نئی نسل کو یہ احساس دلانا ہے کہ اس ملک کی بنیادوں میں ہماری ماؤں اور بہنوں کی عزتیں لگی ہیں اس میں ہمارے اجداد کا خون اور گوشت لگا ہے۔ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں سب سے پہلے نظام تعلیم میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ہمارے نصاب سے اغیار کے واقعات کو ختم کر کے ہمارے غیور حکمرانوں کے واقعات پڑھائے جائیں۔جنہوں نے پوری دنیا پر اسلامی حکومتیں قائم کیں۔ہمارے ملک میں زراعت کے اوپر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے اگر اس شعبے کو سپورٹ کی جائے تو ہم گندم چینی اور مختلف اناج باہر بھیج سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان 73 سالوں سے ظلم و ستم کا شکار ہیں ہمارے ملک میں جہاں ان کے لیے آواز بلند کی جارہی ہے وہاں ہمیں اپنے آپ کو مضبوط کرنے کی ضرور ت ہے مضبوط پاکستان ہی اس بات کی ضمانت ہے کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کا قابل ہو سکتے ہیں۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی دعا فرمائی۔