کشمیر اورفلسطین پرمظالم کے خاتمہ تک ہماری آزادی ادھوری ہے،سید ذیشان اختر
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے قوم کو 74ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے(بقیہ نمبر16صفحہ10پر)
پیغام میں کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت نہ کرسکنے والی قوموں کو دنیا سے حرف غلط کی طرح مٹا دیا جاتا ہے۔ہمیں اپنی آزادی کی حفاظت کیلئے تن من دھن سے جدوجہد کرنی ہے۔حقیقت یہ ہے کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کوہنود و یہود کے خونی پنجہ سے آزادی نہیں مل جاتی ہماری آزادی ادھوری ہے۔ یہ موقع ہے کہ اللہ تعالیٰ سے پاکستان و عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں خاص طور پر اپنے ان پیاروں کیلئے دعائیں کریں جنہوں نے اس عظیم وطن کے قیام کیلئے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے اوراپنے ان اسلاف کو بھی جنہوں نے پاکستان کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا،سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے،ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کیلئے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے باندھا تھا۔جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کرسکتا ہے نہ قومی وقار اور ملکی خود مختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ایک سال سے کرفیو اور بدترین لاک ڈاؤن ہے۔کشمیر میں زندگی رک چکی ہے اور کسی وقت بھی کشمیر میں خوفناک انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ بانیئ پاکستان قائد اعظم ؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔پاکستان کی شہ رگ دشمن کے پنجے میں ہے،زندہ رہنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم متحد ہوکر اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجہ ء استبداد سے آزاد کرائیں۔