وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کارلائیں گے: شوکت یوسفزئی   

  وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کارلائیں گے: شوکت ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئیے کہ وطن عزیز کی ترقی اور خوش حالی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔آزادی کا دن ہم سے یہ تقاضا بھی کرتا ہے کہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذاتی اختلافات سے قطع نظر استحکام پاکستان کے لئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیاں دی ہیں جس کے نتیجے میں ہمیں ایک خود مختار ملک نصیب ہوا۔ آج پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہمارے پاس بہادر اور دلیر فوج ہے جو وطن کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہے۔اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کی مخلص قیادت پاکستان کی ترقی کے لئے اپناکردار ادا کر رہی ہے۔ شوکت یوسف زئی نے اس موقع پر بی آر ٹی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کئی دہائیوں تک حکمران رہنے والے وطن کو تباہی سے دوچار کرنے میں مصروف رہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے ایک نیا پاکستان بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور بی آر ٹی کے قیام کے بعد پشاور میٹروپولیٹن شہر بن گیا ہے جبکہ جلد ہی اب سرکلر ٹرین منصوبہ پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا جس کے ذریعہ کئی شہر آپس میں مل جائیں گے۔شوکت یوسفزئی نے مولانا فضل الرحمان، بلاول زرداری بھٹو اور دیگر سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں کو بی آر ٹی پر سفرکرنے کی دعوت بھی دی۔صوبائی وزیر نے چینی سفیر یاؤ جنگ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد کا پیغام دیا انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دو عظیم ہمسایہ ممالک ہیں اور ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔شوکت یوسفزئی نے یقین ظاہر کیا کہ چین پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید :

صفحہ اول -