دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی پاکستان کا یوم آزادی احتیاطی تدابیر کے ساتھ منایا گیا
جدہ (محمد اکرم اسد) دنیا بھر کی طرح یہاں بھی پاکستان کا یوم آزادی احتیاطی تدابیر کے ساتھ منایا گیا جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سب مل کر وطن عزیز کو ترقی کی منازل کی طرف گامزن کریں گے۔ سماجی فاصلے کی پابندیوں کے باعث تقریب میں لوگوں کی شرکت کوکم سے کم رکھا گیا تھا۔
سفارتی عملے میڈیا اور کمیونٹی کی محدود تعداد کے ساتھ پاکستانی قونصلیٹ جنرل میں قونصل جنرل خالد مجید نے صبح سات بجے پرچم کشائی کی۔ جب پاکستان کا سبز ہلالی پرچم قومی ترانے کی دھن پر فضا میں بلند ہوا تو شرکا کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں کمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارک باد دی اور کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران احتیاطی تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے ہم یوم آزادی سادگی سے منا رہے ہیں۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ یوم آزادی روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہ بھولیں جو مقبوضہ کشمیر میں پچھلے ایک سال سے محصور ہیں اور ظلم کا شکارہیں۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں پاکستان کی علاقائی اور عالمی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے تعلقات کو مزید مضبط بنانے میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔
تقریب میں حال ہی میں نئے آنے والے پریس قونصلر سید حمزہ گیلانی کا لکھا ہوا قومی نغمہ بھی پیش کیا گیا جسے شرکا نے بے حد پسند کیا۔ تقریب میں قونصل جنرل نے قونصلیٹ کے افسران کے ساتھ یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا جبکہ یوم آزادی کے حوالے سے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے موصول شدہ پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے#