اسلام آبادہائیکورٹ نے تعمیراتی پراجیکٹس کیلئے انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کی منظوری لازمی قراردیدی،وزیراعظم کے معاون خصوصی آئندہ سماعت پر طلب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ نے تعمیراتی پراجیکٹس کیلئے انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کی منظوری لازمی قرار دیدی،عدالت نے حکم دیاہے کہ ایجنسی کی منظوری کے بغیر تعمیراتی منصوبہ شروع نہ کیاجائے ۔عدالت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے قوانین کی خلاف ورزی پر اقدام قتل کی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی جی این این کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کی سماعت ہوئی،انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی، وفاقی نظامت تعلیمات اور سی ڈی اے کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے ،سی ڈی اے کی طرف سے وکیل افنان کریم کنڈی عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی حکام پر اظہار برہمی کیا،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ اسلام آباد میں سی ڈی اے انوائرمنٹل قوانین کی مکمل خلاف ورزی کر رہی ہے، سی ڈی اے نے اسلام آباد میں نیشنل پارک کو بھی تباہ کردیا۔
عدالت نے کہاکہ نیشنل پارک سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے ،سی ڈی اے اس کا بھی خیال نہیں رکھتی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ سی ڈی اے نے گورننس کا جو حال کردیا ہے وہ افسوس ناک ہے، جن کی شہریوں کی حفاظت کی ڈیوٹی ہے وہ تمام قانون شکن بنے ہوئے ہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ آپ کے ادارے کے ہوتے ہوئے سب کچھ ہورہا ہے، کیا آپ سو رہے ہیں؟ ۔
چیف جسٹس نے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی حکام سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ نسل کے ساتھ کھیل رہے ہیں،بتا دیں آپ کے قانون کے مطابق آپ کی کچھ ذمہ داریاں ہیں،قانون کے مطابق قانون شکنی کے لیے سزائیں موجود ہیں۔پروٹیکشن ایجنسی نے کہاکہ ہم انوائرمنٹ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو نوٹس جاری کرتے ہیں۔
چیف جسٹس نے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی حکام سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے پاس از خود اختیارات بھی ہیں،چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ اگر یہی کرنا ہے تو گڈ گورننس کےلئے جو قوانین ہیں ان کو ختم ہی کر دیں،کئی فیصلوں میں لکھ چکے ہیں یہاں بااثر افراد کے لیے کوئی قوانین نہیں۔
عدالت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے قوانین کی خلاف ورزی پر اقدام قتل کی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
عدالت نے سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اورچیئرمین سی ڈی اے عامرعلی احمد کو بھی عدالت نے 22 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدالت نے پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کو آزادحیثیت میں ایکٹ کے مطابق کارروائی کی ہدایت کردی۔