" سلطنت عمان، اسرائیل یو اے ای ڈیل کی حمایت کرتی ہے" عمان نے بھی اعلان کردیا
مسقط(ڈیلی پاکستان آن لائن) اسرائل اور متحدہ عر ب امارات کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کی ڈیل ہوگئی جس پر ترکی سمیت کئی ممالک نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا لیکن سلطنت عمان نے ڈیل کی حمایت کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان دونوں ممالک کے درمیان ہونیوالی ڈیل کی حمایت میں آگے آگیا اور عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ " سلطنت عمان ڈیل کی حمایت کرتی ہے"، اس ڈیل کو تاریخی قراردیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے جمعرات کو ڈیل کا اعلان کیا تھا ۔ امریکہ ، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تازہ پیش رفت سے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کو تقویت اور تین قائدین کے وژن کوحمایت ملے گی ۔
متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی نے بھی معاہدے کو باہمی تعلقات میں اضافے کی طرف ایک پیش رفت قراردیا۔